دادو ،گٹکا و منشیات کی فروخت کھلے عام جاری، انتظامیہ غائب

199

دادو (نمائندہ جسارت) سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود دادو شہر اور گردونواح میں نشہ آور گٹکا سپاری کی سرعام خرید و فروخت جاری شہر بھر میں نشہ آور گٹکا سپاری کی روک تھام کے لیے کارروائیاں نا ہونے کے برابر رہ گئی ہیں جبکہ دادو پولیس خواب خرگوش میں مبتلا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے باجود ضلع دادو میں نشہ آور گٹکا سپاری بند نہیں ہوسکی ہے۔ ضلع دادو کے تحصیل میہڑ، جوہی، کے این شاہ سمیت دادو شہر اور گردونواح کے چھوٹے بڑے علاقوں میں نشہ آور سپاری کی سرعام خرید و فروخت جاری ہے۔ نشہ آور سپاری کی سرعام فروخت کے باعث نوجوان نسل تباہ ہونے لگی ہے۔ سندھ حکومت کے حکم کے بعد پولیس گٹکا سپاری بند کرانے کے بجائے کیبن شاپ اور دیگر نشہ آور گٹکا فروش دکاندار کو تحویل میں لے کر لاکھوں روپے رشوت لینے کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے جبکہ واضح رہے کچھ روز قبل دادو کی یونین کونسل پھلجی اسٹیشن میں پھلجی پولیس نے گٹکا فروش ڈیلر سمیت درجن سے زائد کو گرفتار کیا تھا، جسے ڈی ایس پی کی مداخلت پر لاکھوں روپے رشوت کے عوض آزاد کردیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پولیس کی نشہ آور سپاری کے روک تھام میں کارروائیاں نہیں ہونے برابر ہورہی ہیں۔ شہریوں نے آئی جی سندھ پولیس، ڈی آئی جی حیدر آباد سمیت دیگر حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں نشہ آور سپاری کی فروخت پر پابندی کے فیصلے پر عمل کراکے نوجوان نسل کو مزید تباہ ہونے سے بچایا جائے۔