تونسہ شریف ،جہلم ،پاکپتن،لاہور(صباح نیوز/ اے پی پی) تونسہ شریف ،جہلم اور پاکپتن میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 7 افرادجاں بحق اور19 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غاذی خان کی تحصیل تونسہ شریف میں حیدر والا انڈس ہائی وے پربارات لے جاتے ہوئے ڈالا الٹنے سے 3 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو 1122 نے ٹی ایچ کیو تونسہ منتقل کر دیاگیا، اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ حادثے میں 8زخمی بچوں کی حالت تشویناک ہونے پر نشتراسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں رضوان، ذکیہ مائی، اقرا شامل ہیں۔دوسری جانب جہلم کے قریب بگا کے مقام پر کیری ڈبہ اور موٹرسائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں 2 موٹرسائیکل سواروں میں سے ایک 24 سالہ نوجوان جاں بحق دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ جاں بحق نوجوان کا تعلق سنگھوئی سے تھا۔ پاکپتن میں تیز رفتار مسافر وینکر درخت سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوا۔ جاں بحق افراد کی شناخت غلام رسول، محمد حسن اور محمد حسین کے نام سے ہوئی۔ ریسکیو نے جاں بحق ہونیوالے افراد کی لاشوں اور زخمی کو قریبی اسپتا ل منتقل کردیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تونسہ شریف کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیاہے اور انتظامیہ سے حادثے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔