مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال عمرہ اور زیارت روضہ نبی کے لیے گزشتہ دنوں سعودی عرب تشریف لائے، اس موقع پر انہوں نے جدہ میں پاکستانی صحافیوں سے ایک مختصر ملاقات کی جس میں سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی صحت اور ملکی سیاسی صورت حال پر گفتگو کی۔ احسن اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لیے انتقامی سیاست کی آڑ میں خود کو چھپا رہی ہے۔ اس وقت نواز شریف کی صحت کے ساتھ اسی طرح سیاست کی جارہی ہے جیسے بیگم کلثوم نواز کی بیماری کی حالت میں سیاست کی تھی۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو سلیکٹیڈ کے بجائے الیکٹڈ حکومت چاہیے تاکہ ملک کو مسائل سے نکالا جا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے 14ماہ کے دوران عوام کو دھوکا دیا ہے اور کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا۔ ایک سال کے دوران ملکی معاشی ترقی کی شرح ساڑھے 3 فیصد گرچکی ہے۔ صنعتیں تنزلی کا شکار ہیں، بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے اور غلط معاشی پالیسی کی وجہ سے کارخانے بند ہورہے ہیں۔