نوازشریف کی کل لندن روانگی کا امکان۔ شہباز شریف کا ق لیگ اور متحدہ سے اظہارتشکر

525

لاہور(صباح نیوز+آن لائن)نوازشریف کی کل لندن روانگی کا امکان ہے جب کہ شہباز شریف نے نوازشریف کے لیے نیک جذبات اور ہمدردی کا اظہار کرنے پر حکومتی اتحادی ایم کیو ایم اور (ق) لیگ سے تشکر کا اظہار کیا ہے۔ترجمان (ن) لیگ مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نوازشریف (کل)منگل کو روانہ ہوں گے، ائر ایمبولینس(کل) منگل کی صبح لاہور پہنچے گی ،ڈاکٹرز نوازشریف کو سفر کے قابل بنانے کے لیے ادویات دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا دوبارہ تفصیلی معائنہ کیا گیا ، ڈاکٹرزصلاح مشورے کے بعد پلیٹ لیٹس بڑھانے کے لیے ہائی ڈوز پر مشتمل ادویات دے رہے ہیں، نوازشریف کو سفر کے قابل بنانے کے لیے محفوظ طبی حکمت عملی اختیار کی گئی ہے، طبی خطرات کو کم سطح پر لانے کے لیے بھی ادویات جاری ہیں ۔ علاوہ ازیںمسلم لیگ (ن) کے صدر و اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ میاں نوازشریف کے لیے نیک جذبات اور ہمدردی کا اظہار کرنے پر حکومتی اتحادی ایم کیو ایم اور( ق) لیگ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی کے بھی شکر گزار ہیں،حکومت کی اتحادی جماعتوں نے نوازشریف کے لیے انسانی ہمدردی کا اظہار کیا،اے این پی اور پیپلزپارٹی کے بھی بے حد مشکور ہیں جنہوں نے نوازشریف کے لیے نیک خواہشات اور جلد صحتیابی کے لیے پیغامات بھجوائے،پاکستان کے22 کروڑ عوام ، تمام اپوزیشن اور حکومتی اتحادی جماعتوں کی جانب سے نوازشریف کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ان کے مشکورہیں۔شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف کی ملک و قوم کے لیے گراں قدر خدمات ہیں،(ن) لیگ نواز شریف کی پاکستان میں عدم موجودگی پر ان کے مشن کو جاری رکھے گی،نوازشریف کی صحت پر ان تمام سیاسی جماعتوں نے انسانی ہمدردی کا ثبوت دیا ہے،اتحادی جماعتوں نے دشمنی کی سیاست کے بجائے مفاہمت اور انسانی بنیادوں کی سیاست کو فروغ دیا ہے،تمام اتحادی جماعتوں نے انسانی ہمدردی کی مخالفت کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کی ہے۔