وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو سینے میں تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کردیا گیا۔
وفاقی وزیر شیخ رشید راولپنڈی میں ایک کالج کی تقریب کے بعد لال حویلی پہنچے تھے کہ انھیں اچانک دل میں تکلیف ہوئی جس پر انھیں فوری طور پر ہولی فیملی منتقل کیا گیااورپھر وہاں سے آرآئی سی منتقل کردیا گیا۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق شیخ رشید کو گیسٹرک ٹربل کے باعث سینے میں درد ہوا تھا جس کے بعد انھیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ ان کی ای سی جی اور دیگر خون کے ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں،ٹیسٹ رپورٹس کے مطابق ان کے دل کی ایک نالی میں کلاٹ (رکاوٹ) ہے جبکہ ای سی جی اور بلڈ پریشر نارمل ہے۔
شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق کا کہنا ہے کہ وزیر ریلوے لال حویلی میں لوگوں سے ملاقات کر رہے تھے کہ اس دوران انھیں دل میں تکلیف ہوئی،دل کی تکلیف کے سبب شیخ رشید کو ہولی فیملی لایا گیا، جہاں انھیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم اب ان کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے۔