حب ریورروڈ پر جے یو آئی کے تیسرے روز دھرنے میں نرمی رہی

128

کراچی (رپورٹ: مسعود انور) جمعیت علمائے اسلام کے تحت کراچی میں کوئٹہ جانے والی شاہراہ حب ریور روڈ پر دھرنا ہفتے کو تیسرے روز بھی جاری رہا تاہم اس میں وقت کے ساتھ ساتھ نرمی آتی جارہی ہے ۔ہفتے کو شاہراہ کو سہ پہر ساڑھے 4بجے ہی ہلکی گاڑیوں کے لیے کھول دیا گیا تھا تاہم بھاری گاڑیوں کو رات 8بجے گزرنے کی اجازت دی گئی۔ دھرنے کے مقام پر لگائے گئے ٹینٹ ہفتے کو ہٹالیے گئے اور دھرنے کے منتظمین نے کارکنان کو گھر جانے کی ہدایت کرتے ہوئے اتوار کی صبح دوبارہ دھرنے کے مقام پر
پہنچنے کی ہدایت دی ۔ ہفتے کو گزشتہ روز کے مقابلے میں دھرنے کے شرکاکی تعداد کم رہی ۔ تیسرے روز کے دھرنے میں پیپلزپارٹی ، ن لیگ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے مقامی رہنما اور کارکنان بھی شریک ہوئے ۔ دھرنے کے شرکا اور پولیس اور رینجرز کے درمیان خوشگوار معاملات رہے ۔ جمعیت علمائے اسلام سندھ کے جنرل سیکرٹری مولانا راشد محمود سومرو 3 دن سے کراچی میں ہی موجود تھے تاہم وہ اتوار کو علی الصبح اندرون سندھ کے لیے روانہ ہو ں گے۔وہ اتوارکو صبح 10 بجے ٹھیڑی بائی پاس ، خیرپورمیں دوپہر 1 بجے، گھوٹکی میں شام 4 بجے، کندھ کوٹ اور شام6 بجے جیکب آباد کے مقامات پر دھرنوں میں شرکت کریں گے ۔
حب دھرنا