علاج کیلیے حکومت کی پیدا کردہ آخری رکاوٹ بھی دور ہوگئی، شہباز شریف

92

 

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کے علاج کے لیے حکومت کی پیدا کردہ آخری رکاوٹ بھی دور ہوگئی ہے ،لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کو علاج کی غرض سے پاکستان سے جانے کی اجازت دے دی ہے۔لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا
کہ عدالت عالیہ نے اربوں روپے کے ضمانتی بانڈ کی حکومت کی شرط کو نامنظور کرتے ہوئے نواز شریف کو فی الفور بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کی دعائیں رنگ لے آئی ہیں فیصلہ نواز شریف کے حق میں آیا ہے اور لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کو انسانی بنیادوں پر بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ سنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں جنہوں نے نواز شریف کے لیے دعائیں کی تھیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا علاج اور بیماری کی تشخیص، جو فوری ہونا چاہیے تھی، اس میں حکومت کی پیدا کردہ آخری رکاوٹ بھی دور ہوگئی ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ نواز شریف کے سفر کو مبارک کرے اور میاں نواز شریف صحت یاب ہوکر وطن واپس آئیں۔
شہبازشریف