نوازشریف کے بعد زرداری اور فریال کے معاملات بھی جلد طے ہوں گے‘ شیخ رشید

232

لاہور(مانیٹر نگ ڈ یسک +نمائندہ جسارت)وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ نوازشریف کے بعد زرداری اور فریال کے معاملات بھی جلد طے ہوں گے۔ ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ زرداری سمیت تمام کے تمام لوگ پلی بارگین کی طرف جارہے ہیں اس لیے زرداری اور فریال پور کے معاملات بھی جلد طے پا جائیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ نیا سال عمران خان کی حکومت کے لیے اچھا ثابت ہو گا، حالات سیاست اور عمران خان کی حکومت کی بہتری کی طرف جارہے ہیں، عمران کی گڈ گورننس کی شروعات ہوچکی ہے۔شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ نوازشریف اور آصف زرداری کی سیاست ختم ہوچکی، نواز شریف آج یا کل لندن روانہ ہوجائیں گے،ان کا جانا کوئی نئی بات نہیں پہلے ہی بتاچکا ہوں،آصف زرداری اور فریال تالپور کے معاملات بھی جلد طے پا جائیں گے،پی پی پی کے رہنما خورشیدشاہ کے علاوہ تمام کے تمام لوگ پلی بارگین کی طرف جارہے ہیں اور آئندہ 4 سے 6 ماہ میں یہ اونٹ بھی کسی کروٹ بیٹھے گا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا ای سی ایل سے متعلق جو بھی فیصلہ ہوگا وہ عدالت کا ہوگا، ڈیل اور ڈھیل کے درمیان ایک فیصلہ ہونے جا رہا ہے، یہ دونوں پارٹیوں کے لیے ایک راستہ ہے جب کہ عمران خان نہیں چاہتے کہ چوروں کو کوئی رعایت ملے۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کا دھرنا غلط موسم میں شروع کیا گیا، مولانا کو کہا تھا کہ اسلام آباد کا موسم موافق نہیں مت آئیں،دھرنے میں صرف جے یو آئی(ف)کے کارکن تھے،دھرنے کے شرکا کی تعداد آہستہ آہستہ کم ہو کر نہ ہونے کے برابر رہ گئی تھی۔شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے کھایا پیا کچھ نہیں گلاس توڑا بارہ آنے کا،مولانا کی سیاست اب ختم ہوچکی ہے، وہ عمران خان کی کاپی کرنے کی کوشش کررہے تھے مگر کامیاب نہیں ہوئے، مولانا نے واپس جاکر عقلمندی کا مظاہرہ کیا، اب وہ غیر قانونی اقدام کر رہے ہیں جس پر قانون کی گرفت میں آسکتے ہیں ‘ مولانا کی وجہ سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچا اورکشمیریوں نے بھی ان کے دھرنے کو کشمیر کاز کیخلاف سازش قرار دیا ہے۔