اسلام آباد (صباح نیوز) پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چودھری پرویز الٰہی نے دعویٰ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کو حکومت سے ہونے والی انڈراسٹینڈنگ کے بعد واپس بھیجا گیا ہے، انہیں جوکچھ دے کر بھیجا گیا ہے وہ امانت ہے۔ گزشتہ روز ایک ٹی وی پروگرام میں چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہماری مولانا فضل الرحمن سے ملاقاتیں حوصلہ افزا رہیں ہمارے ذریعے حکومت سے انڈر اسٹینڈنگ ہوئی ہے۔ اس سوال کہ مولانا فضل الرحمن کس شرط پر واپس گئے ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ یہی تو اصل بات ہے مولانا کو جوکچھ دے کر بھیجا گیا ہے وہ امانت ہے ۔اس دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی معنی خیز انداز میں مسکرا دیے۔ انہوں نے پروگرام کے دوران یہ بھی بتایا کہ مولانا فضل الرحمن نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ اسلام آباد سے واپس جانے کے بعد ہونے والے احتجاج میں تشدد نہیں ہوگا اورہماری بات مان لی ہے۔