اسلام آباد (صباح نیوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ نواز شریف کے نام کوئی پراپرٹی نہیں ہے، وہ سب بچوں میں تقسیم کر چکے ہیں، حکومت کی جانب سے ایک طرف انسانی ہمدردی اور دوسری طرف پیسوں کی بات عجیب لگتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام اور امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں کہ حکومت نواز
شریف کے بیرون ملک علاج کے حوالے سے تذبذب کا شکار کیوں ہے، حکومت نے نواز شریف کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے تو پھر ضمانتی بانڈز کہاں سے آ گئے، مجھے کوئی وجہ نظر نہیں آ رہی کہ نواز شریف کو جانے سے کیوں روکا جا رہا ہے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے احتجاج پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کا دھرنا ختم ہوگیا ہے، ٹک ٹک تو لگی رہے گی، یہ واحد دھرنا تھا جس میں جانی ومالی نقصان نہیں ہوا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کیساتھ آج کی ملاقات خفیہ میٹنگ کا ایک حصہ تھی، میڈیا کو نہ جانے کہاں سے پتا چل گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا شہروں کو بند نہیں کر رہے بلکہ بڑی شاہراہوں پر تھوڑی دیر احتجاج ریکارڈ کرانے کے بعد سڑکیں کھول دی جائیں گی۔
پرویز الٰہی