آصف زرداری کا ضمانت نہ لینا حکومت کیخلاف احتجاج ہے، نا صر حسین شاہ

88

 

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت نااہل ہے جس نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے اور عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں مگر وہ مخالفین کے احتساب کے چکر میں عوام کو گمراہ کر رہے ہیں ہمیں احتساب سے ڈر نہیں مگر احتساب غیرجانبدارانہ ہونا چاہیے .ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں ادارہ ترقیات حیدرآباد کے کمیٹی روم میں ایچ ڈی اے کی 118 ویں گورننگ باڈی کے اجلاس کی صدارت کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو غیر قانونی طور پر جیل میں رکھا گیا ہے اور ان کے خلاف دائر کردہ تمام ریفرنسز بھی جھوٹ پر مبنی ہیں کیونکہ ہمیں عدالتوں پر پورا بھروسہ ہے اس لیے ہمیں انصاف کی امید ہے تاہم
آصف زرداری کی جانب سے اپنی ضمانت نہ لینے کا فیصلہ حکومت کے خلاف ایک قسم کا احتجاج ہے کیونکہ آصف علی زرداری بہت علیل ہیں اور حکومت انہیں اپنے ذاتی معالج سے علاج کرانے کی اجازت نہیں دے رہی ہے اور ان کا سرکاری ڈاکٹروں سے علاج کروایا جارہا ہے جس پر ہمیں تحفظات ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت صرف مخالفین کا احتساب کر رہی ہے جبکہ ان کی کابینہ میں بہت سے لوگ ایسے بیٹھے ہیں جن پر ریفرنس دائر ہیں لیکن نہ تو وہ ضمانت پر رہا ہیں اور نہ ہی وہ جیل میں ہیں بلکہ وہ کھلے عام گھوم رہے ہیں جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ سلیکٹڈ احتساب ہے۔صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ ہماری ہمدردی نواز شریف کے ساتھ ہیں اور پی ٹی آئی کی حکومت میں انسانیت نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی جو کہ ایک علیل سیاستدان سے ناروا سلوک رکھے ہوئے ہے جبکہ عمران خان کے شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹروں نے بھی نوازشریف کی شدید علالت کی تصدیق کردی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کے حکومت کے خلاف دھرنے اور صوبائی سرحدوں کو سیل کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سرحدوں کو سیل کرنے سے متعلق سندھ حکومت مفاد عامہ کو سامنے رکھتے ہوئے کوئی فیصلہ کرے گی۔ ایچ ڈی اے، واسا اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ملازمین کی تنخواہ کی ادائیگی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کچھ اداروں میں غلط بھرتیاں کی گئی ہیں اور کچھ اداروں میں منظور کردہ اسامیوں سے زیادہ ملازمین بھرتی کیے گئے ہیں جس کے باعث ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کی حق تلفی ہوئی اس وجہ سے ان کی تنخواہوں کا مسئلہ ہوا جس کے حل کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کروں گا۔
ناصر حسین شاہ