پشاور ، فیصل آباد (اے پی پی) پشاور کے نواحی علاقے تھانہ دائود زئی کی حدود ناگمان پل کے قریب سوتیلے ماموں کی فائرنگ سے بھانجا اور بھانجی جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ تھانہ دائود زئی پولیس کے مطابق ناگمان پل کے قریب لاچینوں کلے میں ملزم سعد ولد سرور سکنہ شبقدر چارسدہ اپنی سوتیلی بہن کے گھر ناگمان لاچینوں کلے آیا اور نامعلوم وجوہات کی بنا پر فائرنگ کرتے ہوئے اپنی بھانجی اور بھانجا کو قتل کر ڈالا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر گھر میں موجود ایک شخص اور خاتون زخمی ہوگئی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موقع پر ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔ اس موقع پر ریسکیو 1122 کی ٹیم نے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ امین پور موٹر وے انٹر چینج نڑوالا روڈ فیصل آباد پر جمعرات کے روز تیز رفتار کوسٹر بے قابو ہو کر ٹرالر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کوسٹر اور ٹرالر کے دونوں ڈرائیور موقع پر جاں بحق جبکہ 7 خواتین اور 5 بچوں سمیت 17 مسافر زخمی ہوگئے، جن میں سے 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک بیان کی گئی ہے۔ موٹر وے پولیس اور ریسکیو 1122 کے ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کے روز ایک تیز رفتار کوسٹر بے قابو ہو کر ٹرالر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جن میں سے ایک ڈرائیور کی شناخت 48 سالہ اسلم کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دوسرے 30 سالہ ڈرائیور کا نام معلوم نہیں ہوسکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں 2 افراد ایک سالہ عفان وقاص ولد وقاص احمد اور 50 سالہ شاہین سرفراز زوجہ سرفراز احمد شدید زخمی ہوئے جن کی حالت تشویشناک بیان کی گئی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی انتظامی و پولیس حکام بھی جائے حادثہ پر پہنچے۔ واقعہ کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔