پشاور ( نمائندہ خصوصی) 33ویں قومی کھیلوں کی اختتامی تقریب کل قیوم اسپورٹس کمپلیکس میں شام 4بجے منعقد ہوگی۔آرمی چیف قمر جاوید باجوہ مہمان خصوصی ہونگے ۔اس سلسلے میں سیکورٹی اداروں کی جانب سے کوریج کے لیے ایکریڈیڈیشن کارڈ ز کی تجدید کے لیے لسٹ مانگ لی۔9نومبر سے آج تک کھیلوں کی کوریج کرنے والے میزبان شہر اور ملک کے دیگرشہروں سے آئے ہویے صحافیوں نے اس خبر پر حیر ت کا اظہار کرتے ہویے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مستقل طور پر 7روز تک مختلف وینیوز میں منعقد ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں کی کوریج کرنے کے باوجود محض سیکورٹی کے نام پر فرائض منصبی سے تقریب تقسیم انعامات کے دن روکنا اور پہلے سے جاری کیے ہویے میڈیا کارڈز کو منسوخ کرنے کی سفارش مناسب نہیں اس سے سخت محنت کرنے والے صحافیوں کی حق تلفی ہوگی اور دل آزاری بھی۔ دوسری طرف پشاور اسپورٹس ایسوسی ایشن نے اس سلسلے میں اپنی جانب سے کوئی مجوزہ لسٹ تیار کرنے سے معذرت کرلی ہے۔