حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15روز کی توسیع

86

لاہور (آن لائن) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کرتے ہوئے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کردی، عدالت نے آئندہ سماعت 28 نومبر تک کے لیے ملتوی کردی ہے۔غیر قانونی اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کو احتساب عدالت کے ایڈمن جج امیر محمد خان کے رو برو پیش کیا گیا۔ حمزہ شہباز کے وکیل امجد
پرویز عدالت پیش ہوئے۔ جج امیر محمد خان نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ حمزہ شہباز کیخلاف ریفرنس کب دائر کیا جائے گا؟۔ جس پر نیب پراسکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث 5ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان سے تحقیقات چل رہی ہیں جیسے ہی مکمل ہوں گی ریفرنس دائر کر دیا جائے گا۔ عدالت نے نیب کے جواب پر حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15روز کی توسیع کر دی۔ عدالت نے ملزم کو دوبارہ 28نومبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا جبکہ دوسری طرف اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت سے کھیل رہی ہے جو قابل افسوس ہے۔ عوام کو موجودہ حکومت سے جلد چھٹکارہ حاصل ہو جائے گا۔ حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ نوازشریف کی طبیعت نازسا ہے،نوازشریف ماضی میں اپنی بیماری کے باوجود بیرون ملک سے واپس آچکے ہیں،نوازشریف اپنی بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر بیرون ملک سے واپس آئے لیکن اب شرائط لگائی جارہی ہیں۔ نواز شریف کو بیرون ملک علاج کے لیے شرائط عاید کرنا زیادتی ہے۔
حمزہ شہباز