نوابشاہ (سٹی رپورٹر) حکومت نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا محال کردیا، عوام بھوک اور بدحال زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، ایک وقت کا آٹا لینے کے لیے بھی سوچنا پڑتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار شہریوں نے مہنگائی کے بارے میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے نعرے پر ہم نے پی ٹی آئی حکومت کو ووٹ دے کر خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے۔ عمران حکومت صرف اپنی کرسی بچانے میں لگی ہے جبکہ دوسری طرف مہنگائی بڑھتی جارہی ہے، جس نے عوام کو خودکشی کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ شہر میں پیاز 120 روپے، ٹماٹر 350، پالک 100، ادرک لہسن 300، آٹا 60 روپے اور چاول کم از کم 100 روپے فی کلو فروخت ہورہے ہیں۔ شہریوں نے حکومت کیخلاف ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خدا کرے حکومت کل کے بجائے آج ہی ختم ہوجائے۔ نواز شریف اور آصف زرداری کی حکومت میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی، جتنی عمران خان کی حکومت میں ڈیڑھ سال میں ہوگئی ہے۔ عمران خان بتائیں کہ ڈیڑھ سال میں عوام کو کیا ریلیف دیا گیا ہے۔ ٹیکس پر ٹیکس اور مہنگائی پر مہنگائی نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا۔ ایک طرف مہنگائی ہے تو دوسری طرف کوئی بنیادی سہولت بھی موجود نہیں، آخر عوام کو تبدیلی کے نعرے کی اتنی بڑی سزا کیوں دی جارہی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سبزیوں کی بڑھتی قیمتوں پر کنٹرول کر کے عوام کو ریلیف دے۔