ہمارے محلے میں کئی مہینوں سے کتوں کی بڑھتی تعداد نے انتہائی خطرناک صورت حال پیدا کردی ہے۔ گلی محلے میں موجود کتوں نے لوگوں کا گھروں سے نکلنا مشکل کر رکھا ہے۔ ان کتوں سے بچے بڑے سب ہی خوفزدہ رہتے ہیں۔ آنے جانے والوں پر ہر وقت کتے بھونکتے رہتے ہیں اور ان کے پیچھے پڑ جاتے ہیں۔ لوگ اپنی جان بچانے کے لیے اِدھر اُدھر بھاگتے ہیں۔ لوگ کتے کے کاٹنے کا شکار بھی ہوچکے ہیں جو ایک شدید تکلیف دہ اور فکر مندی کی بات ہے جب کہ کراچی شہر میں کتے کے کاٹے کی ویکسین بھی نایاب کردی گئی ہے۔ لوگ اپنے بچوں کو زخمی حالت میں مارے مارے پھرتے ہیں۔ کچھ سال پہلے تک ’’کتا مار مہم‘‘ شروع کی جاتی تھی مگر اب تو کیا ہی کہنے۔ سمجھ نہیں آتا ہمارا قصور کیا ہے، صرف یہ کہ ہم کراچی میں رہنے بسنے والے ہیں، ہمیں اس بات کی سزا مل رہی ہے کہ ہمارے باپ دادا نے اس شہر کو آباد کیا، یہاں کاروبار کیا۔ خدارا اِن کتوں کو ٹھکانے لگایا جائے ان سے ہم کو نجات دلائی جائے۔
صبا خان، ناظم آباد