لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین نوعیت کے مقدمات میں اشتہاری، روپوش و مطلوب 9 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی ہے۔ مارکیٹ پولیس نے ڈی سی اسکول کے قریب ڈکیتیوں جیسے سنگین مقدمات میں ملوث سرگرم ملزم مہران کلھوڑو، سرفراز لانگاہ اور سعید مستوئی کو تین پستول اور گولیوں سمیت، باڈہ پولیس نے دوران چیکنگ سنگین نوعیت کے مقدمے میں مطلوب ملزم لطیف جتوئی کو بندوق اور کارتوسوں سمیت، دڑی پولیس نے روپوش ملزم ارشاد مہر کو بندوق اور کارتوسوں سمیت، ولید پولیس نے دوران چیکنگ پاسپورٹ آفس کے قریب ملزم زوہیب مہیسر کو چرس سمیت، عرب پیر کے قریب ملزم ساحل سولنگی کو بھنگ سمیت، گڑہی خدا بخش بھٹو پولیس نے دوران چیکنگ مطلوب ملزم الٰہی بخش عرف بادشاہ چوہان اور فتح پور پولیس نے دوران چیکنگ اغوا کے مقدمے میں اشتہاری ملزم گدا حسین کونھارو کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ لاڑکانہ کے قریب رتوکوٹ روڈ پر سڑک پار کرتے ہوئے موٹر سائیکل کی ٹکر سے 8 سالہ بچی بسمہ تونیو سمیت موٹر سائیکل سوار نوجوان راجا چانڈیو، سکینہ خاتون اور چار سالہ بچی زینب چانڈیو شدید زخمی ہوئیں، جنہیں مقامی لوگوں نے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں چاروں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔