لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) شکارپور ڈرکھن کے گاؤں بکھو سیال کا 20 سالہ نوجوان ڈینگی کا شکار ہونے کے بعد لاڑکانہ چانڈکا اسپتال علاج کے لیے لایا گیا، مریضوں کی تعداد 8 ہوگئی شکارپور سے تعلق رکھنے والا 20 سالہ احسان تھہیم کسان ہے۔ فصلوں میں کام کے دوران ڈینگی مچھر کا شکار ہوا۔ تیز بخار اور طبیعت ناساز ہونے پر ڈینگی ٹیسٹ پازیٹو آنے پر چانڈکا اسپتال شعبہ حادثات میں قائم ڈینگی وارڈ میں داخل کردیا گیا ہے۔ شکارپور کیس سے پہلے لاڑکانہ میں قائم ڈینگی وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 7 تھی تاہم انہیں مکمل علاج فراہم کر کے ڈسچارج کیا جاچکا ہے۔ ڈینگی سے متاثرہ مریضوں میں سابق ڈی ایچ او ڈاکٹر اعجاز شیخ، خاتون سمیت 7 افراد شامل تھے۔