لاڑکانہ ،ینگ ڈاکٹروں کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج

110

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے گزشتہ 6 ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر سول اسپتال سے ریلی نکالی جو کہ شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب کے سامنے پہنچی جہاں ہاتھوں میں پلی کارڈ اور بینر اٹھاکر ڈاکٹرز نے شدید نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر وائی ڈی اے لاڑکانہ کے صدر ڈاکٹر ارشاد ابڑو، ڈاکٹر ماجد کھنڈ، ڈاکٹر آصف ابڑو، سعید خشک، ڈاکٹر نمرا، ڈاکٹر سائرہ، ڈاکٹر شکیلہ، ڈاکٹر یاسمین، ڈاکٹر ثمینہ، ڈاکٹر انعم و دیگر کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ اور سکھر کے سرکاری اسپتالوں میں ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے پوسٹ گریجویٹس ڈاکٹرز کو گزشتہ 6 ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں اس سلسلے میں جب متعلقہ افسران سے رابطہ کیا گیا تو وہ فنڈز کی عدم فراہمی کا بہانا بناکر مسلسل جھوٹی تسلیاں دے رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ تنخواہیں نہ ملنے کے باعث ہمیں اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دینے میں مشکلات کا سامنا ہے متعدد شکایات کے باوجود کوئی بھی پرسان حال نہیں، ینگ ڈاکٹرز نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد تنخواہیں جاری کرکے چھائی پریشانی دور کی جائے بصورت دیگر ڈیوٹیوں کا بائیکاٹ کرکے احتجاج کیا دائرہ وسیع کریں گے۔