کوئٹہ( جسارت نیوز )بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی تحصیل کچلاک میںفداشوتوکان کراٹے اکیڈمی نوجوان نسل کو سیلف ڈیفنس، کراٹے فائٹ (کومیتے)اور کاتا کی جدید ترین تکنیکس کی تربیت دے کر سماجی برائیوں سے بچاکر معاشرے کا مفید شہری بنانے کے مشن پر گامزن ہے۔فداشوتوکان کراٹے اکیڈمی گزشتہ 3سال سے علاقے کے نوجوانوں کوصحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کر رہی ہے۔شام کے وقت ہونے والے ٹریننگ سیشن میں10سال سے 30 سال کی عمر 35 افراد شرکت کرتے ہیںجنہیں کراٹے کے انٹر نیشنل کھلاڑی فرسٹ ڈان(ٹوکیو،جاپان) فدا محمد دُمٹر کراٹے کے کھیل کی جدید ٹریننگ کرواتے ہیں،اس دوران کھلاڑیوں کو خصوصی طور پر کراٹے فائٹ (کومیتے) کے حوالے سے معلوماتی لیکچرز بھی دیے جاتے ہیں۔فداشوتوکان کراٹے اکیڈمی میں تربیت حاصل کرنے والے کھلاڑی بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہیں ، 2 کھلاڑی پاکستان آرمی ، 1 پاکستان واپڈا اور ایک کھلاڑی بلوچستان پولیس کی نمائندگی کرتا ہے ۔ابھی حال ہی میں تاجئی خان اسپورٹس کمپلیکس علمدار روڈ کوئٹہ میں منعقد ہونے والی 15ویںآل بلوچستان جے کے اے(جاپان) کراٹے چمپئن شپ میں فداشوتوکان کراٹے اکیڈمی سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑیوں نے 3 گولڈ اور 2 سلور میڈلز جیت کر اپنی فداشوتوکان کراٹے اکیڈمی کا نام روشن کیا ہے۔