ہاکی کھلاڑیوں کے معاشی مسائل کے حل کیلیے کارپوریٹ سیکٹر کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،اولمپین رانا مجاہد علی

130

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق سیکرٹری جنرل وسابق نائب صدر ایشین ہاکی فیڈریشن اولمپین رانا مجاہد علی نے بیان میں کہا کہ کہ نوجوان نسل میں قومی کھیل کی مقبولیت کا گراف بڑھانے کے لئے کلسٹر لیول ایونٹس کا انعقاد کرانا ہوگا. انہوں نے کہا کہ نئے ٹیلنٹ کی کھوج اور پزیرائی کے لئے کلب، اسکول ،کالج اور یونیورسٹی لیول پر ہاکی کو سپورٹ کرنا ہوگا جس سے سسٹم میں نوجوان ٹیلنٹ داخل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ نئے آنے والے کھلاڑیوں کو ایونٹس کھیلنے کو ملیں گے توانکا شوق بڑھے گا۔فیصل آباد میں آل پاکستان انٹر اسکول ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد ایک بہترین اقدام تھا جس کے لئے پرنسپل ڈی پی ایس فیصل آباد شاہد محمود نے ایک قابل تقلید اور بہترین تجربہ کیا جو کہ آئندہ سال میں ٹیلنٹ ہنٹنگ کے شعبہ میں دوررس نتائج فراہم کرے گا۔سابق عالمی چیمپین و پرائیڈ آف پرفارمنس اولمپین رانا مجاہد علی نے کہا کہ ہاکی دنیا کے مہنگے ترین اور ٹیکنیکل کھیلوں میں شمار ہوتی ہے ، دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق کھیل کو اپنانے، کھیلنے اور اسکے لوازمات کو پورا کرنے کے لئے نوجوان کھلاڑی کی حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے جس کے لئے اسپورٹس مرچنڈائزنگ اور ا سپورٹس ا سپانسرشپ وقت کی اہم ضرورت ہیں۔