لاہور(نمائندہ جسارت)لاہور کی احتساب عدالت کے روبرو قومی احتساب بیورو ( نیب) نے رمضان شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے ،پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کردیاہے،احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے کیس کی سماعت کی۔منگل کو عدالتی سماعت کے موقع پر جیل پولیس نے رمضان شوگر ملز کیس میں جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر حمزہ شہباز کو سخت سیکورٹی حصار میں عدالت میں پیش کیا۔دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ 325 صفحات پر مشتمل ضمنی ریفرنس شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف دائر کر دیا گیا ہے۔ ضمنی ریفرنس میں حمزہ شہباز اور شہباز شریف ملزم نامزد ہیں، اس دوران کمرہ عدالت میں سیلفیاں اتروانے پر فاضل جج نے حمزہ شہباز پر برہمی کا اظہار کیا اورحمزہ شہباز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر حمزہ ادھر آئیں، جس پر حمزہ شہباز نے جج کو سخت لہجے میں جواب دیا کہ کیسے بات کر رہے ہیں؟ عدالت نے حمزہ شہباز کو کہا کہ آپ عدالت کا ڈیکورم خراب کر رہے ہیں، کیا آپ یہاں پریس کانفرنس کرنے آتے ہیں؟ حمزہ شہباز نے احتساب عدالت کے جج کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں آگے ہی آرہا تھا لوگ مجھ سے ملنا چاہتے ہیں، سلام کرنا چاہتے ہیں،اسلام بھی سلام کے جواب دینے کا حکم دیتا ہے، میں پولیس تحویل میں ہوں، لوگوں کو میں ساتھ لے کر نہیں آیا،یہ خود آتے ہیں، جس پر عدالت نے جواب دیا کہ عدالتی کارروائی کرنی ہے، جب تک حمزہ پیچھے بیٹھے رہیں گے کیس نہیں چلے گا، اس دوران کمرہ عدالت میں وکلاء نے حمزہ شہباز کے حق میں احتجاج کیا اور نعرے بازی کی، لیگی رہنما رانا مشہود نے عدالت کو کہا کہ جتنے بھی ملزم آتے ہیں 90، 90 روز ملزموں کو نیب کے پاس رکھا جاتا ہے، وہاں کسی کو ملنے کی اجازت نہیں اس لیے لوگ یہاں ملنے آتے ہیں،حمزہ شہباز نے عدالت سے بھی استدعا کی کہ وہ کچھ کہنا چاہتے ہیں، حمزہ شہباز نے کہا کہ میں عدالت کا احترام کرتا ہوں، میں ان لوگوں کو ساتھ نہیں لے کر آیا،عدالت نے استفسار کیا کہ کیس کے دوسرے ملزم شہباز شریف کہاں ہیں، شہباز شریف کے وکلاء نے انکی درخواست حاضری معافی دائر کی اور بتایا کہ وہ اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے سیشن میں مصروف ہیں ایک دن کی حاضری معافی دی جائے، عدالت نے شہباز شریف کے وکیل سے استفسار کیا کہ عوامی نوٹس کوئی اہمیت نہیں رکھتا، مجھے نہیں پتا سیشن ہے یا نہیں ہے۔ شہباز شریف کے وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ جب بھی حاضری معافی کی درخواست دائر کروں گا متعلقہ دستاویزات لگا دوں گا۔ نیب وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ضمنی ریفرنس کی کاپیاں ملزمان کے وکلاء کو دے دی گئی ہیں۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کرتے ہوئے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 نومبر تک توسیع کردی ۔ اسی عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف، سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد ، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت 13 ملزمان کے کیس کی سماعت 28 نومبر تک ملتوی کر تے ہوئے شہبازشریف کی منگل کے روز کی حاضری سے استثنا کی درخواست بھی منظور کر لی جب کہ احتساب عدالت کے جج چودھری امیر محمد خان کی عدالت نے شہباز شریف ،حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے ساتھ منی لانڈرنگ کیس میں شریک ملزمان قاسم قیوم اور فضل داد کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 13 روز کی توسیع کرتے ہوئے 25 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔علاوہ ازیںلاہور کی احتساب عدالت نے گجرات پولیس کی 70 کروڑ روپے کی کرپشن کے اسکینڈل کیس میں سابق ڈی پی او کامران ممتاز سمیت 6 ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 8 روزہ کی توسیع کرتے ہوئے انہیں دوبارہ 20 نومبر کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
رمضان شوگر ملز