فریال تالپور کو زرداری سے صرف ایک بار ملاقات کی اجازت

101

اسلام آباد (اے پی پی)احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری سے ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو ملاقات کرنے کی اجازت دے دی ہے۔فریال تالپور نے آصف زرداری سے ملاقات کرنے کے لیے درخواست دائر کی تھی۔دائر درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ آصف زرداری علیل ہیں مختصر ملاقات کرنے کی اجازت دی جائے ۔عدالت نے حکم دیا کہ فریال تالپور ایک بار آصف زردای سے ملاقات کر سکتی ہیں۔منگل کو پمز اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر کی صاحبزادی آصفہ زرداری نے کہا کہ میرے والد کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، انہیں عدالت بھی نہیں لے جایا جا سکا، ہم ابھی تک عدالتی احکامات کے منتظر ہیں کہ وہ میرے والد کو ان کے ذاتی معالجین سے علاج کی اجازت دے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آصف زرداری کی صحت یابی کے حوالے سے فکرمند ہیں، ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، ذاتی معالجین سے علاج کے بعد سابق صدر کی صحت کی صورتحال کا درست اندازہ ہو گا۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ سرکاری ڈاکٹرز ہم سے زرداری کی میڈیکل رپورٹس شیئرنہیں کر رہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت کے میڈیکل بورڈ میں وہ معالج بھی شامل ہوں جو صدر زرداری کا پہلے بھی طبی معائنہ کرتے رہے ہیں۔ ہماری عدالت سے استدعا ہے کہ صدر زرداری کے ذاتی معالج سرکاری میڈیکل بورڈ میں شامل کیے جائیں۔
فریال اور زرداری ملاقات