اسلام آباد : جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کاکہنا ہے کہ گھروں میں بیٹھےکارکن پلان بی کےلیےباہرنکلیں،کل سے ہم پلان بھی کی طرف پیش قدمی کریں گے۔
مولانا فضل الرحمن نے آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ پلان بی کی طرف جائیں گےتومیں بھی آپ کےشانہ بشانہ ہوں گا،پلان بی کا شیڈول کل شام کو بتائوں گا، قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا جدوجہد کو پرامن رکھنا ہے، نائن الیون کے بعدامریکہ نے مذہبی لوگوں کے بارے میں غلط تاثر قائم کروایا تھا،لیکن اس دھرنے کے بعد لوگوں کی سوچ تبدیل ہوگئی ہے۔
جے یو آئی کے سربراہ کاکہناتھاکہ کوئی ہمیں بتائے کہ دنیا میں کس جگہ سلائی مشین سے اربوں روپے کمائے جاتے ہیں؟انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمہارے غبن اور چوری کے واقعات ہر جگہ پھیل گئےہیں،عوام کا مہنگائی سے برا حال ہے ،نااہل حکمرانوںکے وزراء کو ٹماٹر کی اصل قیمت کا بھی علم نہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی بڑی منصوبہ بندی کے تحت ہوئی، ناجائز حکومت بنا کر جمہوریت اور آئین پر وار کیا گیا، پاکستان میں آئین کی بالادستی ختم ہوگئی، کوئی مائی کالعل ان کوکرسی پربرقرارنہیں رکھ سکتا، ہمارے اس احتجاج نے آئین کو تحفظ دیا ہے اور آمرانہ سوچ کو شکست دی ہے،ہم اپوزیشن جماعتوں کے شکرگزار ہیں ،جنہوں نے آزادی مارچ میں شرکت کرکے ہمیں تقویت بخشی ہے۔