اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے، شیریں مزاری

103

اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے، 5 اگست سے اب تک قابض افواج 9سالہ بچے سمیت 144 کم سن بچوں کو حراست میں لے چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ا قوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور بھارتی قابض افواج کی طرف سے بچوں پر ظلم و بربریت کو بند کرائے، اقوام متحدہ کی سلامتی کے تمام 5 ارکان اس صورتحال پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں جو انتہائی مایوس کن اور قابل مذمت عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے قانونی جواز موجود ہیں جو کشمیر سے متعلق پاکستان کے مؤقف کی نہ صرف حمایت کرتے ہیں بلکہ بھارتی بیانیے کی نفی بھی کرتے ہیں۔