کراچی(اسٹاف رپورٹر)چین نے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کے لیے گوادر میں نئی صنعتیں لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس ضمن میں پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جِنگ کا بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں چینی حکومت کی عدم دلچسپی سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ان کی حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کے لیے گوادر میں 19 فیکٹریاں قائم کرے گی،چین، بلوچستان کے کان کنی، زراعت، فشریز اور پانی کے شعبوں کی ترقی میں کردار ادا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے نہ صرف بلوچستان بلکہ افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کی معاشی قسمت تبدیل ہوگی اور تمام منصوبے پاکستان سے ہو کر جائیں گے، چینی کمپنیاں صوبائی زرعی سیکٹر کو مضبوط کرنے کے لیے کام کررہی ہیں جبکہ صوبے کی نوجوان نسل کو ہنر مند بنانے کے لیے 50 ووکیشنل سینٹرز قائم کیے جارہے ہیں۔چینی سفیر نے کہا کہ اب تک 200 پاکستانی طلبہ چین میں اسکالرشپ حاصل کرچکے ہیں جبکہ چینی قونصل خانہ کاروباری افراد کے لیے ویزا کے طریقہ کار کو آسان بنارہا ہے۔