لاہور (نمائندہ جسارت) وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ چند روز تک آصف زرداری کی طرف سے پیسے ملنا شروع ہو جائیں گے اور تین چار ماہ میں پلی بارگین سے ان کے سب کیسز ختم ہوجائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) او رپیپلز پارٹی کی سیاست بدلنے جارہی ہے اور دونوں جماعتیں ایک نئی سیاست کی ابتدا ء کرنے جارہی ہیں ۔ جیل میں چھ یا دس سال کی سزا کاٹنا آسان لیکن 126روز کا دھرنا دینا مشکل ہے۔، مولانا فضل الرحمان اپنے کارکنوں سے پوچھیں،پاکستان میں غریب کارکن پیدا ہی استعمال ہونے کے لیے ہواہے۔ مولانا فضل الرحمان کو کچھ سمجھ نہیں آرہی ،کرتار پور راہداری سے خطے کی سیاست بدلنے جارہی ہے ۔ اب لاشوں کی سیاست ختم ہو گئی ہے ،بڑے آدمی کو کوئی جیل میں نہیں رکھ سکتا اور نواز شریف کیلیے بیماری وجہ بنی ۔آصف علی زرداری بڑے دل کا آدمی ہے اور جن دوستوںنے آصف زرداری کے ساتھ کرپشن کا پیسا بانٹ کرکھایا ہے وہ ان کیلیے دس سے بارہ روز میں پلی بارگین کا آغاز کررہے ہیں اور تین، چار مہینوں تک معاملات حل ہو جائینگے ، جن دوپاررٹیوں نے مولانا فضل الرحمان کی سیاست کو کیش کرناتھا انہوں نے کر لیا ہے،مسلم لیگ (ن) او رپیپلز پارٹی کی سیاست بدلنے جارہی ہے اور دونوں جماعتیں ایک نئی سیاست کی ابتدا ء کرنے جارہی ہیں۔بابری مسجد کی جگہ کے حوالے سے فیصلے سے مودی سرکاری نے اپنی اقتصادی ، معاشی او رجغرافیائی قبر کھودی ہے ، جومودی پاکستان کے حصے کرنا چاہتا تھا اس نے بھارت کوبکھیرنے کی بنیاد رکھ دی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے نواز شریف کے معاملے کو فضل الرحمان کے دھرنے سے ہٹ کر انسانی بنیادوں پر دیکھا ہے اوروہ کل یا پرسوں چلے جائیں گے ۔ جب یہ کہاجائے کہ ہماری کل کی زندگی کی ضمانت دی جائے تو کیا کیاجا سکتاہے ۔ اس میں کوئی ڈیل یا ڈھیل نہیں اوریہ طبعی نظریہ ضرورت ہے او رپاکستان کی سیاست میں یہ ایک سیاستدان کی جان کا مسئلہ ہے ۔ یہ بد نصیبی ہے کہ یہاں سیاستدان کو جو بیماری لگتی ہے اس کاعلاج پاکستان میں نہیں ہوتا ۔ ان کی اولادیں، گھراوراثاثے باہر ہوتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ میں نے کہا تھاکہ نومبر،دسمبراو رجنوری کے پہلے پندرہ روز انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔میں کہتا تھا کہ نواز شریف باہرچلے جائیں گے لیکن میرا مذاق اڑایا جاتا تھا۔ آصف زرداری بڑے دل کاآدمی ہے اس نے کرپشن کا پیسہ دوستوں کے ساتھ بانٹ کر کھایا ہے اور ان کے شیئرز ہولڈرز دس سے بارہ روز میں پلی بار گین شروع کردیں گے اور تین سے چار ماہ میں پلی بار گین کے ذریعے کیسز ختم ہوتے دیکھ رہاہوں ۔ نواز شریف سمجھتے ہیں کہ کفن کی بھی جیبیں ہوتی ہیں ، اگرکوئی سیاستدان اپنی سیاست بیماری کے ذریعے کرے تواس کیس کو اللہ کے حوالے کر دیناچاہیے ۔ میں کہہ چکا ہوں کہ شہباز شریف وکٹ کے دونوں طر ف کھیلنے کے ماہر ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سیاست میں جب انسانی زندگی کا مسئلہ پیدا ہو جائے تو ان حالات میں حکومت نے بہتر فیصلہ کیا ہے ۔ میں ڈیل او رڈھیل کے الزام کے ساتھ نہیں ہوں ۔عمران خان نے گینداب شریف خاندان کے کورٹ میں ڈال دی ہے ۔ ان کی ضمانت آٹھ ہفتوں کے لیے ہے اور وہ بری نہیں ہوئے بلکہ ان کے کیسز بر قرار ہیں۔خورشید شاہ کے بھی 126اکائونٹس نکلے ہیں، سلمان شہباز بڑے ٹارزن بنے ہوئے ہیںآپ پاکستان واپس آئیں ،حمزہ اور سلمان شہبازشریف کی مجبوری ہیں ، حمزہ، سلمان ، آصف زرداری اور خورشید شاہ کے کیسز سنجیدہ نوعیت کے ہیں او ریہ بارگین سے حل ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے جاناہی جاناتھا، بڑے آدمی کو کوئی جیل میں نہیں رکھ سکتا اور نواز شریف کی بیماری اس کی وجہ بنی ۔ انہوںنے کہا کہ مولانافضل الرحمان غریب کارکنوں کو موسم کی شدت کی بھینٹ نہ چڑھائیں کیونکہ پہلے ہی تین کا انتقال ہو گیا ہے ۔انہوںنے بلاول بھٹو کی جانب سے سانحہ لیاقت پر مستعفی ہونے کے مطالبے پر کہا کہ میں اس سانحہ پر کافی ڈپریشن میںہوں اورمیں بچوں کے منہ نہیں لگناچاہتا۔ کوڑ کباڑ جارہاہے او راب یہاں صرف بچے ہی رہ جائیں گے ۔
شیخ رشید