لورالائی میں ماں، بیوی اور بہن کو قتل کرکے ملزم نے خود کشی کرلی

205

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے ضلع لورالائی میں پولیس ملازم نے فائرنگ کر کے اپنی ماں، بیوی اور بہن کو قتل کر کے خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق واقعہ لورالائی کے بخاری اسکیم میں پیش آیا، محکمہ پولیس میں جونیئر کلرک ثاقب علی نے اپنے ہی گھر میں فائرنگ کر کے اپنی ماں فوزیہ بی بی، زوجہ سعدیہ اور بہن گوشہ بی بی کو قتل کردیا، تہرے قتل کی واردات کے بعد ملزم نے فائرنگ کر کے اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔ پولیس نے موقع پر چاروں افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کرکے ضابطے کی کارروائی شروع کردی۔ پولیس کے مطابق واردات کی تحقیقات ابھی جاری ہے، تاہم فوری طور پر اس کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔ کوئٹہ میں حوالہ ہنڈی کا کاروبار کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے کے عملے نے چوہڑ مل روڈ اور منصفی روڈ پر واقع منی ایکسچینج کے دفاتر پر چھاپا مارا کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے دو ملزمان عبدالمناف اور عبدالرزاق کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے مختلف ممالک کی کرنسی برآمد کرلی گئی۔ اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔ بلوچستان میں مختلف واقعات کے دوران چار افراد زخمی ہوگئے۔ ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں گاڑی سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، دھماکے میں ایک مزدور صاحب علی زخمی ہوگیا، صاحب علی روڈ کی تعمیر کے لیے جارہا تھا، ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں پرانی دشمنی پر نامعلوم ملزمان نے دکان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ ضلع لورالائی کے علاقے پٹھان کوٹ میں دو گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں دوا فراد زخمی ہوگئے۔ تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے متعلقہ اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ حادثات کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔