نوابشاہ (بیورو رپورٹ) پولیس کا گٹکا بنانے کی فیکٹری پر چھاپا، لاکھوں روپے مالیت کا مضر صحت گٹکا اور سامان برآمد، ملزمان فرار ہوگئے، چار افراد کیخلاف مقدمہ درج، گرفتاری کے لیے چھاپے۔ ایس ایس پی تنویر حسین تنیو کے احکامات پر سی آئی اے انچارج مبین پڑھیاڑ نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ پرانا نوابشاہ تھانہ بی سیکشن کی حدوو مکرانی محلے میں گٹکا بنانے کی فیکٹری پر چھاپا مار لاکھوں روپے مالیت کا مضر صحت گٹکا اور سامان برآمد کرلیا۔ چھاپے کی اطلاع پر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ برآمد ہونے والے سامان میں 1000 مین پوڑی، کینسر کا باعث بننے والا مضر صحت گٹکا، چھالیہ، ماوا بنانے کا خام مال اور بیس گیلن کیمیکل تحویل میں لے لیا۔ سی آئی اے انچارج مبین پڑھیاڑ کا کہنا تھا کہ مذکورہ فیکٹری میں ملزمان مضر صحت گٹکا بنا کر ضلع بھر میں سپلائی کرتے تھے۔ ایس ایس پی تنویر حسین تنیو کو خفیہ اطلاع ملی تھی مذکورہ فیکٹری میں مضر صحت پابندی شدہ گٹکا تیار ہوتا ہے، جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ تھانہ بی سیکشن پر چار ملزمان عیدل، شاکر، ذاکر اور اکبر کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق برآمد شدہ گٹکا کی مالیت دس لاکھ روپے سے زائد ہے۔