نوابشاہ (سٹی رپورٹر) عوام کے محافظ نے شہری پر گولیاں برسا دیں، فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس فائرنگ، زخمی شہری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل۔ تھانہ بی سیکشن محلہ سعیدآباد عیدگاہ پر رات گئے موٹر سائیکلوں پر سوار چار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے فیصل بروہی کو شدید زخمی کردیا، علاقہ مکینوں نے زخمی شہری کو طبی امداد کے لیے پیپلز میڈیکل اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹر کے مطابق فیصل کی طبیعت خطرے سے باہر ہے۔ ٹراما سینٹر میں زیر علاج فیصل بروہی نے میڈیا کو بتایا کہ میرا فیملی تنازعہ چل رہا ہے، مجھے گزشتہ کئی روز سے پولیس اہلکار ستار جمالی جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا تھا اور جھوٹے مقدمات میں ملوث کرانے کے لیے دھمکاتا تھا۔ فیصل نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات ستار جمالی اپنے بیٹے اور بھانجے کے ہمراہ میرے گھر پہنچا، ستار جمالی نے پستول سے فائر کرکے مجھے شدید زخمی کردیا۔ فیصل بروہی نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی مظہر نواز شیخ اور ایس ایس پی تنویر حسین تنیو سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے تحفظ فراہم کرکے قانون کا غلط استعمال کرتے ہوئے مجھ پر قاتلانہ حملا کرنے والے پولیس اہلکار کیخلاف مقدمہ درج کر کے میرے ساتھ انصاف کیا جائے۔