لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) رتودیرو میں موت کا رقص جاری ، ایڈز کا شکار ایک اورمزید خاتون زندگی کی بازی ہار گئی۔ ذرائع کہ مطابق گزشتہ 6 ماہ میں بچوں سمیت 35 سے زائد افراد جاںبحق ہوچکے ہیں، رتودیرو کے گاؤں ولی محمد بروہی کی رہائشی ایچ آئی وی کا شکار 30 سالا زبیدہ خاتون جاںبحق ہوگئی جبکہ کم علمی کے باعث ورثہ کی جانب سے جاںبحق خاتون کا زیراستعمال سامان بھی میت کے ہمراہ تھیلی میں پیک کر کے رکھ دیا گیا۔ ورثا کا کہنا ہے کہ جاںبحق خاتون کا شوہر الطاف اور 12 سالا بیٹی ریحانہ بھی ایچ آئی وی میں مبتلا ہیں۔ دوسری جانب رتودیرو میں ایچ آئی وی متاثرہ افراد کی تعداد 1152 ہوچکی ہے جبکہ 36 ہزار سے زائد افراد کی اسکریننگ کی جاچکی ہے۔ متاثرین میں 900 سے زائد بچے شامل ہیں،6 ماہ گزرنے کے باوجود بھی سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام رتودیرو تحصیل کی اسکریننگ مکمل نہیں کر سکا ہے۔