شیخوپورہ، مظفر گڑھ (آئی این پی) بھکھی روڈ پر 100 روپے کا تنازع ایک جان لے گیا۔ 100 روپے کے لین دین پر 2 چچا زاد بھائیوں میں جھگڑا ہوا، ملزم شہباز نے جھگڑے کے دوران طیش میں آکر اپنے چچا زاد بھائی وقاص کو چھریاں مار دیں، جس سے وقاص نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ پولیس تھانہ اے ڈویژن موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر مردہ خانے منتقل کر کے تفتیش کا آغاز کردیا۔ مظفرگڑھ خان گڑھ شہر میں راستہ بلاک ہونے پر دکانداروں اور ان کے حامیوں میں جھگڑا، دکان کے گارڈ نے ہوائی فائرنگ کر دی، بازار میں بھگدڑ ،گارڈ گرفتار۔ خان گڑھ شہر میں چوک بازار سے متصلہ شمالی بازار میں گزشتہ رات 8 بجے ایک کار گزر رہی تھی. جس سے راستہ بلاک ہو گیا۔ اس دوران ذیشان ولد اشرف لالہ شیخ موٹر سائیکل پر آ گیا. جس نے مدثر طور کی دکان کے سامنے کھڑی سائیکلوں میں ٹکر مار دی جس پر دکاندار مدثر کے بیٹے عبدالرافع سے اس کا جھگڑا ہوگیا۔ دونوں طرف سے اپنے حامی افراد بلوالیے گئے اور تنازعہ بڑھ گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر سابق چیئرمین بلدیہ خان گڑھ حاجی لیاقت علی شیخ، سماجی کارکن افتخار احمد طور اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فریقین میں صلح صفائی کرانے لگے۔ اس دوران شیخ اشرف لالہ کے حامیوں نے تلخی بڑھنے پر مدثر کی دکان پر مبینہ حملہ کردیا، دکان میں توڑ پھوڑ شروع کردی اور رافع اور اس کے باپ مدثر کو زخمی کردیا جس پر دکان کے گارڈ محمد اکرم پہلوان نے ہوائی فائرنگ کردی، جس سے بازار میں بھگدڑ مچ گئی۔ بعدازاں خان گڑھ پولیس کی نفری نے موقع پر دوبارہ آ کر گارڈ کو گرفتار کرلیا اور فریقین کی ایک دوسرے کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواستوں پر کارروائی شروع کردی۔ پولیس نے اشرف لالا شیخ کی درخواست پر اس کے بیٹے شاہ رخ کو زخمی کرنے پر مدثر، رافع، گارڈ اکرم، افتخار وغیرہ 5 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا اور دکان کے گارڈ کا لائسنس یافتہ اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا۔ مظفرگڑھ پولیس نے تھانہ کندائی کے علاقے میں سابقہ رنجش پر اسلحہ کے زور پر اغوا ہونے والے دو افراد 12 گھنٹوں میں بازیاب کرالیے۔ مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کے علاقے کندائی میں 6 مسلح افراد نے گزشتہ روز صبح 9 بجے کپاس کی فصل کی چنائی کے دوران دوسری کئی خواتین و مردوں کے سامنے اسلحہ کے زور پر ملزمان نے زبردستی پرانی رنجش کا بدلہ لینے کے لیے کپاس کی چنائی کرنے والے محمد رفیق اور شاہینہ بی بی کو اغوا کرلیا اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوجانے میں کامیاب ہوگئے۔ تاہم وقوعہ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور افسران کو اس حوالے سے آگاہ کیا۔ وقوعہ کی سنگینی پر ڈی پی او مظفرگڑھ صادق علی ڈوگر نے ایس ڈی پی او علی پور چودھری آصف رشید، ایس ایچ او کندائی کی چھٹی ہونے پر ایس ایچ او تھانہ سیت پور ملک شریف ملانہ کو مغویان کی فوری برآمدگی کے لیے خصوصی ٹاسک دیا، ملزمان کی تلاش کے لیے اہالیان علاقہ، جدید ٹیکنالوجی اور پروفیشنل مخبران تعینات کیے گئے، چھاپوں کے لیے ایلیٹ فورس کی دو خصوصی ٹیموں نے مقامی پولیس کی مدد کی اور بالاخر تمام ممبران کی کوششوں سے دونوں مغویان کو پولیس نے 12 گھنٹوں کے محدود وقت میں بازیاب کرا لیا۔ ڈی پی او مظفر گڑھ صادق علی ڈوگر نے پولیس ٹیم کو مغویان کی فوری برآمدگی پر شاباش دی اور مزید حوصلہ افزائی کے لیے علی پور جا کر پوری پولیس ٹیم کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد کی تقسیم کا اعلان کیا۔ پولیس نے 6 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے، ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔