سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر ملتان ایم 5 موٹر وے آزمائشی طور پر سکھر ملتان موٹر وے چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھول دیا گیا، ملتان تک کا سفر ساڑھے تین گھنٹے میں طے ہوگا، موٹر وے سے جانے والی گاڑیوں سے ٹول ٹیکس بھی نہیں لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق موٹر وے پر فی الحال محدود وقت کے لیے چھوٹی گاڑیوں کو اجازت دی گئی ہے۔ سکھر ملتان ایم 5 موٹر وے کا کل فاصلہ 392 کلو میٹر ہے، پاک چین اقتصادی راہداری کے لیے تیار کیا گیا سکھر تا ملتان موٹر وے فی الحال چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ موٹر وے پر سفر کے دوران پہلے روز مسافر گاڑیوں سے ٹول ٹیکس تک نہیں لیا گیا، سکھر سے ملتان جانے کے لیے روہڑی انٹر چینج سے گاڑیوں کو موٹر وے پر روانہ کیا جائے گا، تاہم اس موٹر وے کے کھلنے سے ملتان تا سکھر کا آٹھ سے ساڑھے آٹھ گھنٹے تک کا سفر محدود ہوکر ساڑھے تین گھنٹے رہ جائے گا۔ واضح رہے کہ اس موٹر وے کا افتتاح گزشتہ روز ہونا تھا تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر افتتاحی تقریب ملتوی کردی گئی تھی۔ تاہم موٹروے حکام کے مطابق موٹر وے کے افتتاح کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا، تاہم آزمائش کے طور اس پر چھوٹی گاڑیاں چلائی گئی ہیں، فی الحال چھوٹی گاڑیوں کو آمدورفت کی اجازت دی گئی ہے۔ آزمائشی طور موٹر وے سے جانے والی گاڑیوں سے فی الحال کوئی ٹیکس وصول نہیں کیا جارہا ہے۔ ملتان سکھر موٹروے 391 کلو میٹر طویل اور 294 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ یہ موٹروے پنوعاقل، گھوٹکی، رحیم یار خان، احمد پور شرقیہ، اوچ شریف، جلال پور، شجاع آباد کے شہروں سے گزارا گیا ہے۔ ایم 5 سکھر ملتان موٹر وے میں 54 پُل اور 226 انڈر پاس تعمیر کیے گئے ہیں۔ اس منصوبے میں دریائے ستلج پر ایک بڑا پُل بھی تعمیر کیا گیا ہے، جبکہ 12 سروس ایریاز، 10 ریسٹ ایریاز اور گیارہ انٹر چینجز بنائے گئے ہیں۔ ایم فائیو موٹر وے کے اس سیکشن میں جی ٹی روڈ کے مقابلے ملتان تک فاصلہ 75 کلو میٹر کم ہوجائے گا اور مسلسل سفر کی صورت میں چھے گھنٹے کا فاصلہ ساڑھے تین گھنٹے میں طے ہوسکے گا۔