دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کوری ویمپ کردیاگیاہے‘مرتضیٰ وہاب

117

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر قانون و ماحولیات اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی شہر میں پانی کی قلت دور کرنے کے لیے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کو ری ویمپ کردیا گیا ہے جو پندرہ نومبر سے اپنی مکمل استعداد کے ساتھ فعال ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی بلڈنگ کے میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کراچی کا اہم مسئلہ ہے‘ وزیراعلیٰ سندھ نے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بہتری کا فیصلہ کیا تھا‘ پہلے اس کی پیداواری استعداد سو ایم جی ڈی تھی جس میں سے پینتیس ایم جی ڈی ضائع ہوجاتا تھا اب اس پمپنگ اسٹیشن کو ری ویمپ کردیا گیا ہے۔ اس پمپنگ اسٹیشن کی استعداد سو ایم جی ڈی ہوگئی ہے جس میں نئی مشینری نصب کی گئی ہے اس منصوبے پر ایک اعشاریہ پانچ ارب روپے خرچ ہوئے ہیں پندرہ نومبر کو اس منصوبے کا باضابطہ افتتاح کیا جائیگا ۔ صوبائی مشیر نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے وعدے پورے نہیں ہوئے وزیراعظم اور صدر مملکت نے کراچی میں ڈی سیلینیشن پلانٹ کا وعدہ کیاتھا اور کراچی میں گرین لائن میٹروبس چلانے کا وعدہ کیاگیاتھا اور وزیراعظم کا 162ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کاوعدہ پورا نہیں ہوا۔