اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی شدید علالت پر گہری تشویش ہے،حکومت ان کے قانونی حقوق پورے کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ منگل کو ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ علاج آصف علی زرداری کا بنیادی،قانونی اور انسانی حق ہے،اللہ انہیں صحت کاملہ عطا فرمائے۔علاوہ ازیںقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور(ن)لیگ کے ارکان اسمبلی نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے 7نومبر کو شروع ہونے والے16 ویں سیشن کیلیے(ن)لیگ کے ارکان اسمبلی رانا ثنااللہ اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔ منگل کوا سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے نام قائد اختلاف شہبازشریف اور (ن)لیگ کے ارکان قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، مرتضیٰ جاوید عباسی اور دیگر کی طرف سے لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ(ن)لیگ سے تعلق رکھنے والے 2اسیر ارکان قومی اسمبلی رانا ثنااللہ اور خواجہ سعد رفیق کے قومی اسمبلی کے 7 نومبر کو شروع ہونے والے اجلاس میں شرکت کیلیے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔