سکھر، پولیس کی غیر معیاری گیس سلینڈروں کیخلاف کارروائی ، 20 ضبط

115

 

سکھر (نمائندہ جسارت) ریلوے پولیس کی روہڑی اسٹیشن پر غیر معیاری گیس سلنڈر کیخلاف کارروائیاں، اسٹالوں سے 20 سے زائد سلنڈر تحویل میں لے لیے، اگر مسافر ٹرین میں گیس سلنڈر پایا گیا تو مسافرکے ساتھ ساتھ غفلت کے مرتکب ریلوے عملہ کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایس پی ریلوے سکھر ڈویژن، ترجمان ریلوے پولیس سکھر ڈویژن ملک دائود کے جاری بیان کے مطابق چند روز قبل تیزگام ایکسپریس میں پیش آنے والے سانحہ اور بڑی تعداد میں اموات کے بعد روہڑی اسٹیشن پر کھانے پینے کے اسٹالوں پر بڑی تعداد میں استعمال ہونے والے غیر معیاری اور جگہ جگہ گیس سلنڈر اور چولہوں کے استعمال کا ایس پی ریلوے سکھر ڈویژن نے نوٹس لیتے ہوئے روہڑی ریلوے تھانہ کے عملے کو کارروائی کے احکامات جاری کیے، جس پر پولیس نے روہڑی اسٹیشن کے چاروں پلیٹ فارموں پر کارروائی کرتے ہوئے 20 سے زائد غیر معیاری گیس سلنڈرز اپنی تحویل میں لے کر ریلوے تھانہ روہڑی میں جمع کرا دیے۔ کارروائی کے حوالے سے ایس پی ریلوے سکھر ڈویژن نیاز احمد کا کہنا تھا کہ مسافروں کی جان ومال کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔ یہ ہی وجہ ہے کہ سکھر ڈویژن کے تمام ریلوے اسٹیشن پر کھانے پینے کے اسٹالوں پر غیر معیاری گیس سلنڈرز ضبط کیے جارہے ہیں اور تمام مسافر ٹرینوں میں گیس سلنڈرز لیجانے والے مسافروں کے ساتھ ساتھ غفلت کے مرتکب عملے کیخلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ ملک کے تیسرے بڑے اسٹیشن روہڑی پر غیر معیاری سلنڈرز کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے، پہلے مرحلے میں غیر معیاری گیس سلنڈرز ضبط کیے گئے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں غیر معیاری گیس سلنڈرز استعمال کرنے والے اسٹال وینڈروں کیخلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔