لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ اور گردونواح میں ڈینگی نے ڈیرے ڈال دیے، ایک ہی ہفتے میں ڈینگی کے پانچ کیسز سامنے آگئے، جن میں ایک خاتون اور چار مرد شامل ہیں۔ قنبر شہداد کوٹ ضلع کے گاؤں کنڈی سے تعلق رکھنے والے نوجوان دیدار چانڈیو مسلسل بخار کے بعد گزشتہ روز چانڈکا اسپتال پہنچے، جہاں ڈاکٹروں نے نوجوان کے خون سمیت دیگر ٹیسٹ کرکے ان میں ڈینگی بخار کی تصدیق کی، جس کے بعد متاثرہ نوجوان کو ڈینگی کے لیے قائم کردہ خصوصی وارڈ میں داخل کرکے ان کا علاج شروع کیا گیا ہے۔ اس موقع پر نوجوان دیدار چانڈیو نے بتایا میں ایک سال سے کراچی کے ملیر 15 میں جنریٹر کی دکان پر محنت مزدوری کرتا ہوں، ایک ہفتے قبل کراچی میں اچانک طبیعت بگڑ گئی، مقامی ڈاکٹروں سے علاج کروایا، تاہم اس کے باوجود طبیعت میں بہتری نہ آسکی، جس کے بعد گزشتہ روز لاڑکانہ چانڈکا اسپتال پہنچا، جہاں خون کے نمونے لے کر مختلف ٹیسٹ کروائے گئے، جس میں ڈینگی بخار کی تصدیق کرتے ہوئے میرا علاج شروع کیا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق 7 روز کے دوران ڈینگی کے پانچ کیسز کی تصدیق کی گئی، جن میں ایک خاتون اور چار مرد شامل ہیں۔