’’لوٹا پیسہ دو، ابو لو‘‘، مراد سعید کی بلاول زرداری کو پیشکش

144

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے بلاول زرداری کو پیشکش کی ہے کہ ’’عوام کا لوٹا ہوا پیسہ واپس دے دو، ابو لے لو‘‘۔ بلاول زرداری کے جلسے میں خطاب پر رد عمل دیتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ پر چی والے حادثاتی چیئرمین کو یہ بات سمجھنی پڑے گی کہ جب عوام ووٹ دیتی ہے تو سیٹ ملتی ہے جب زیادہ عوام زیادہ حلقوں میں ووٹ دے تو زیادہ سیٹیں ملتی ہیں۔ جب عوام میں شعور آتا ہے تو لاڑکانہ سے آپ کی سیاست کا خاتمہ ہوتا ہے اور جب زیادہ شعور آتا ہے تو سندھ کی سیاست بھی خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ پرچی لہرا کے سیاست میں آنے والے کو عوام اور ان کے مسائل کا کیا علم؟۔ رونا ابو کا روتے ہیں اور لاتیں کہیں اور چلاتے ہیں، عوام کا لوٹا ہوا پیسہ واپس دے دو ابو لے لو۔ اس بات کا جواب بھی دو کہ سب سے زیادہ غربت سندھ میں کیوں؟۔ 3 دہائیوں سے حکومت کرنے کے باوجود تھر میں کیوں ہر سال بھوک اور پیاس سے سیکڑوں بچے فوت ہوتے ہیں؟۔ سب سے زیادہ بچے سندھ میں کیوں تعلیم سے محروم ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی ترقی کا پیسہ آپ کے ابو نے جعلی اکاؤنٹ میں ڈالا صحیح احتساب ہو تو آکسفورڈ کی فیس بھی واپس کرنی پڑے گی۔