اسلام آباد (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے ایچ -8 سیکٹر میں واقع نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ میڈیکل بورڈ نے اڈیالہ جیل میں شاہد خاقان عباسی کے معائنے کے بعد ان کے ہرنیا کے آپریشن کی سفارش کی تھی،شاہد خاقان عباسی کے گردے اور مثانے میں پتھری کی تشخیص ہوئی تھی اور اب ان کے مزید ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے جیل حکام کو شاہد خاقان کی اسپتال منتقلی کے لیے فول پروف سیکورٹی انتظامات کرنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ خیال رہے کہ 28 اکتوبر کو شاہد خاقان عباسی نے اپنی مرضی سے علاج کروانے کی درخواست دائر کی تھی اور مؤقف اپنایا کہ انہیں بھی اپنے خرچ پر نجی اسپتال سے علاج کی اجازت دی جائے ۔ شاہد خاقان کے وکیل نے استدعا کی تھی کہ علاج کے حوالے سے جلد فیصلہ کیا جائے یہ نہ ہو کہ ان کا حال نواز شریف جیسا ہو جائے۔