کرپٹ حکمرانوں کےہوتے ہوئے مذاکرات نہیں ہونگے، مولانا فضل الرحمن

434

اسلام آباد:مولانا فضل الرحمن کاکہنا ہے کہ کرپٹ حکمرانوں کےہوتے ہوئے مذاکرات نہیں ہونگے،ہم ایک مقصد کے تحت آگے بڑھیں گےاور پو ری قوم کو ایک صف میں کھڑا کریں گے۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پانچویں روز آزادی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں غیر منتخب لوگ اقتدار پر قابض ہوں گے تو اضطراب ہوگا، حکمرانی نمائندے کل بھی عوامی نمائندے نہیں تھے اور آج بھی عوامی نمائندے نہیں ہے۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کے تمام ادارے ملکی استحکام کے حوالےسےاضطراب میں ہیں، پوری قوم اور ادارے ایک صف میں آکر اپنے ملک کو داخلی استحکام بھی دے سکتے ہیں اور بین الاقوامی استحکام بھی دے سکتے ہیں لیکن نااہل حکومت کے ہوتے ہوئے کچھ بھی نہیں ہوسکتا‘۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم جو مقصد ہم لے کر آئیں ہیں اس مقصد کے قریب تر ہوتے چلے جارہے ہیں، آج تمام سیاسی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں تمام سیاسی قائدین نے ہمارے اجتماع کو خراج تحسین پیش کیا ہے،،تمام سیاسی قائدین ہمارے شانہ بشانہ چلنے کا عزم کیا ہے، ہم نے جو آواز بلند کی وہ پوری قوم کی آواز ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ سال 2014ء کے دھرنے میں تمام جماعتیں ایک طرف تھیں اور عمران خان ایک طرف تھا جب کہ آج بھی تمام جماعتیں ایک طرف اور عمران خان ایک طرف تنہا ہے، وہ حکومت میں ہو یا حزب اختلاف میں تنہا ہی رہتا ہے جس سے ثابت ہوا کہ وہ یہاں کسی کا نمائندہ نہیں بیرونی نمائندہ ہے، معاملہ سلیکٹڈ سے آگے نکل گیا ہے عمران خان سلیکٹڈ نہیں رجیکٹڈ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم مذہبی شناخت رکھتے ہوئے بھی فرقہ واریت اور شدت پسندی کی بات نہیں کرتے ہیں، انسانیت کو تقسیم کرنا مغربی تہذیب ہے، جس میں لبرل اور سیکولر لوگ کردار ادا کرتے ہیں،ہم انسانوں کو ایک قوم بنا کر دم لیں گے، فرقہ واریت کے تعصبات کو ختم کرنے کے لیے آج یہاں جمع ہوئے ہیں، مغربی تہذیب اور لبرل مسلم قوموں کو تباہ کرنے کے لیے ایک ایجنڈے پر کام کررہی ہیں۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ انڈیا میں جب الیکشن ہورہا تھا تو کہا گیا کہ جب مودی آئے گا تو کشمیر کا مسئلہ حل ہوگا، دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ مودی رحمت کے بجائے زحمت بن گیا ہے، یہ اسی سودے بازی کا نتیجہ تھا کہ آج کشمیر کے ساتھ جو ہوا، کشمیری بھائیوں کو پیغام دیتا ہوں کہ جے یو آئی آپ کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

جے یوآئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومتی کمزور معاشی پالیسیوں کی وجہ سے معیشت تباہ ہورہی ہے، پاکستان کی معیشت مکمل طورپرآئی ایم ایف کےہاتھ میں ہے،نااہل حکومت کےہوتےہوئےاس ملک کا کچھ نہیں ہوسکتا، پاکستان مسلسل زوال کی طرف جارہا ہے، آئین نہیں رہے گا تو قوم بھی ایک نہیں رہے گی، اس اجتماع کی وجہ سے پاکستان ایک قوم کی صورت میں دنیا کے سامنے اُبھر رہی ہے،ہمیں ایک پاکستانی کی حیثیت سے سکون کی زندگی چاہیے ۔