لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) باقرانی تھانے کی حدود میں 7 ماہ قبل بے دردی سے قتل ہونے والے ایاز علی چانڈیو کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف مقتول کی ضعیف بیوہ والدہ شہناز خاتون چانڈیو نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا ایاز علی چانڈیو سائیکل پر زیتون اور دیگر اشیا فروخت کرکے گھر والوں کا پیٹ پالتا تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ 15 مارچ کے روز بیٹے ایاز علی چانڈیو کو بااثر ملزمان نے بے دردی سے قتل کرکے لاش کنویں میں پھنک دی جبکہ قتل کا مقدمہ حدود کے تھانہ باقرانی پر بااثر ملزمان کے خلاف درج ہوا تاہم 7 ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود پولیس بااثر ملزمان کو گرفتار نہ کرسکی۔ انہوں نے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی لاڑکانہ سے اپیل کی کہ مقتول بیٹے کے قاتلوں کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔