حکومت آصف زرداری کو صحت کا بنیادی حق نہیںدے رہی، پلوشہ خان

118

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پلوشہ خان نے سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو انتباہ کیا ہے کہ وہ آصف علی زرداری کی صحت کو سیاسی بلیک میلنگ کا حربہ نہ بنائے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پرائیوٹ میڈیکل بورڈ کی تشکیل میں تاخیر خطرناک سازش ہے۔ سندھ میں داخل ریفرنس کا پنجاب میں ٹرائل ہی سوالیہ نشان ہے۔ پلوشہ خان نے کہا کہ حکومت فوری طور پر آصف علی زرداری کی صحت کے لیے پرائیویٹ میڈیکل بورڈ تشکیل دے تاکہ ذاتی معالج بھی آصف علی زرداری کی زندگی بچانے میں کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے بنائے گئے میڈیکل بورڈ کی رپورٹس کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر سے بہتر علاج آصف علی زرداری کا حق ہے اور حکومت آصف علی زرداری کو یہ بنیادی حق دینے سے گریز کر رہی ہے۔