پاکستان کی قومی ہوائی کمپنی پی آئی اے نے کوئٹہ سے جدہ کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کردیا۔ جس کے بعد پہلی فلائٹ پی کے 767 کوئٹہ سے 141 عمرہ زائرین کو لے کر جدہ پہنچی، جہاں ائر پورٹ پر پاکستان قونصلیٹ کے افسران محمد حسن اور پریس قونصلر محمد ارشد منیر نے مسافروں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پی آئی اے کے کنٹری منیجر ارشد درانی بھی موجود تھے۔ کوئٹہ سے پی آئی اے کی پہلی ریگولر پرواز سے متعلق مسافروں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے وہ عمرہ کے لیے براستہ کراچی آتے تھے، اور اب براہ راست پروازوں کے نتیجے میں ان کے پیسے اور وقت دونوں کی بچت ہوگی۔ زائرین نے حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید کہا کہ ان کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا ہے۔ ارشد درانی نے اس موقع پر بتایا کہ ہر ہفتے 2 پروازیں منگل اور ہفتہ کے روز کوئٹہ سے جدہ پہنچیں گی، جس کے بعد پاکستان سے سعودی عرب کے لیے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 42 ہوجائے گی۔