اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) رہنما پاکستان پیپلز پارٹی اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ یہ ہمارا نہیں فضل الرحمان کا جلسہ ہے۔ بلاول واضح کہہ چکے ہیں مذہب کارڈ استعمال نہیں کریں گے۔ جلسے میں خواتین کو جانے کی جازت نہ دینے پر بھی ہمیں اعتراض ہے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ مذہب کارڈ اور خواتین کو جلسے میں نہ جانے دینے کا معاملہ رہبر کمیٹی میں ڈسکس ہونا چاہیے۔ خواتین کو شرکت سے روکا جارہا ہے، یہ پیپلزپارٹی کا جلسہ ہو ہی نہیں ہوسکتا۔ بلاول زرداری واضح کہہ چکے ہیں مذہب کارڈ نہیں استعمال کریں
گے، یہ ہمارا نہیں مولانا فضل الرحمان کا جلسہ ہے۔اعتزاز احسن نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان کو گھر میں گھْس کر گرفتار کرنے کا جو اعلان کیا اْس پر بلاول کے چہرے کے تاثرات سے صاف واضح تھا کہ وہ بھی اس پر حیران ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے تو ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا نہ رہبر کمیٹی نے اس حوالے سے کوئی فیصلہ کیا ہے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ یہ معاملہ رہبر کمیٹی کے پاس جانا چاہیے۔مولانا فضل الرحمان خالصتاً اپنے لوگ لے کر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ اب وہ کہہ رہے کہ ہم دو دنوں میں وزیراعظم عمران خان کو گرفتار بھی کر لیں گے اگر وہ استعفا نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی حکومت کے خاتمے کے حق میں ہیں لیکن اس کے لیے ہم کسی ایسی تحریک کی حمایت نہیں کرتے جس میں عورتوں کو ہی نہ آنے دیا جائے۔ عورتوں کو جلسے سے نکال دیا جائے۔ اور پھر مولانا نے اس کو مذہبی بھی بنا دیا ہے۔ اس وقت تو کوئی ایسا مذہبی ایشو ہی نہیں ہے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ جب کوئی مذہبی ایشوہے ہی نہیں تو کس طرح اس کو مذہبی بنا دیا گیا ہے۔ یہ تو لشکر لے کر یلغار کرنے آئے ہیں، اس طرح تو کل کو کوئی بھی آجائے گا۔
اعتزاز احسن