عمران خان سے استعفا پوری قوم کا مطالبہ ہے‘ مریم اورنگزیب

387

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب استعفا پوری قوم کا مطالبہ ہے،وزیراعظم کی نااہلی ونالائقی نے ملک کو لاک ڈائون کر دیا ہے، روٹی، روزگار، کاروباراور صنعت بند ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ عقل سے عاری مینڈیٹ چور حکومت اپنے بیانات سے اشتعال انگیزی نہ پھیلائے، کرائے کے ترجمانوں کی بدزبانی سے نااہل، نالائق، جھوٹی اور عوام دشمن حکومت نہیںبچ پائے گی، عمران صاحب عوام کی بات مان لیں، استعفا کے علاوہ آپ کے پاس کوئی آپشن نہیں۔ن لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم صاحب حقیقی عوامی رائے کے سامنے کھڑے ہونے کی حماقت نہ کریں، حکومتی ٹیم منتیں کر رہی ہے اور سلیکٹڈ حکومت دھمکی دے رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان گھر جائیں، مزید بحران پیدا نہ کریں، عوام سے خوفزدہ حکومت بوکھلاہٹ کاشکار ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ترجمانی کرنے والے پہلے کسی اور کی ترجمانی کرتے تھے، کل کسی اور کی ترجمانی کریں گے، جھوٹ، پروپیگنڈا، گمراہ کن بیانات اور تقریروں کے ڈرامے اب نہیں چلیں گے، پورا پاکستان کپتان سے استعفا مانگ رہا ہے، حکومتی حماقت سے اشتعال انگیزی پھیلی تو تمام تر ذمے داری عمران خان، کرائے کے ترجمانوں اور حکومت پر ہوگی، پورے پاکستان کا ایک ہی نعرہ، اورمطالبہ ہے کہ عمران صاحب استعفا دو۔