قوم تمام پارٹیوں کو آزما چکی‘ جماعت اسلامی کے سوا دوسرا آپشن نہیں بچا ‘ سراج الحق

254
کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سندھ کے ذمے داران سے خطاب کررہے ہیں
کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سندھ کے ذمے داران سے خطاب کررہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے آمرانہ رویہ نے اپوزیشن کو متحد اور ملک کو مہنگائی و بیروزگاری سمیت مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ معاشرے کا ہر طبقہ پریشان ہے تاجر صحافی اساتذہ اور عوام سراپا احتجاج ہیں۔ جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں اپنے نام ونشان پر الیکشن میں حصہ لے گی۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کی جائے۔ قوم تمام پارٹیاں اور نظام آزماچکی ہے۔ اب جماعت اسلامی کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں۔ جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ کی جدوجہد کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں صوبائی ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پرصوبائی امیر محمد حسین محنتی سیکرٹری جنرل کاشف سعید شیخ ودیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔ صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے مجموعی طور پر سندھ کی سیاسی ، انتخابی و تنظیمی صورتحال کا جائزہ پیش کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں،جماعت اسلامی کے علاوہ اپوزیشن کی کسی جماعت نے کشمیر کی صورتحال پر جلسے جلوس اور ریلیاں کرکے کشمیریوں کا اس طرح ساتھ نہیں دیا جو وقت کا تقاضا تھا۔ کراچی ،حیدرآباد ،لاہور ،اسلام آباد اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں تاریخی کشمیر مارچ ہوئے جن میں عوام نے لاکھوں کی تعداد میں شرکت کی۔ باب الاسلام سندھ کے عوام نے ثابت کردیا کہ ان کے دل اپنے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت عوام کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے۔جماعت اسلامی نے اس کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کر رکھی ہے تاہم 5 اگست کی صورتحال کے بعد اس کو کشمیر مارچ میں بدل دیا گیا ۔ کشمیر ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے جو کشمیر کو اہم نہیں سمجھتا وہ پاکستان کا،کشمیریوں اور نظریہ پاکستان کا وفادار نہیں۔ جماعت اسلامی مظلوم کشمیریوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور متکبرانہ رویہ کی وجہ سے سیاست میں انتشار ہے جس کی وجہ سے وقت سے پہلے غیرمقبول اور اپنے خلاف اپوزیش کو متحد کردیا ہے۔ سینیٹرسراج الحق نے صوبائی قیادت کو ہدایت کی کہ کراچی سے کشمورتک ہر سطح پر خواتین کی تنظیم سازی کو یقینی بنایا جائے اور دعوت تنظیم وتربیت کے ساتھ کارکن سازی کی طرف خصوصی توجہ دی جائے۔