شاہد خاقان کی طبیعت ناساز‘جیل سے پمزاسپتا ل منتقل

179

اسلام آباد(صباح نیوز)ایل این جی کیس میں گرفتار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو طبیعت خراب ہونے پر پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا طبی معائنہ کرایا گیا۔نیب نے نلیگ کے سینئر نائب صدر کو ایل این جی کیس میں 18جولائی کو گرفتار کیا تھا۔نیب کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کے خلاف تاحال ریفرنس دائر نہیں کیا گیا۔ 28 اکتوبر کو شاہد خاقان نے احتساب عدالت میں بتایا تھا کہ میڈیکل بورڈ کی جانب سے ان کی سرجری تجویز کی گئی ہے، لہٰذا عدالت اجازت دے کہ میں اپنے خرچ پر شفا انٹرنیشنل اسپتال سے علاج کرائوں۔ شاہد خاقان نے عدالت سے یہ استدعا بھی کی کہ ان کا کیس میڈیا پر براہ راست دکھایا جائے تاکہ پورا پاکستان دیکھے کہ منتخب نمائندے کتنے کرپٹ ہیں۔ احتساب عدالت نے نیب کی استدعا پر سابق وزیراعظم کے ریمانڈ میں19 نومبر تک توسیع کر رکھی ہے۔ ترجمان پمزاسپتا ل ڈاکٹر وسیم نے بتایا کہ شاہد خاقان نے کارڈیک سینٹر میں اپنا چیک اپ کرایا۔ شاہد خاقان کے دل، گردے اور ہرنیا کا چیک اپ کیا گیا، چیک اپ کے بعد شاہد خاقان پمز سے روانہ ہو گئے۔