دادو، شکارپور (نمائندہ جسارت) انڈس ہائی وے پر تیز رفتار مسافر کوچ اور موٹر سائیکل میں تصادم، ایک عورت سمیت تین افراد جاں بحق۔ انڈس ہائی وے دادو پر فرحان ہوٹل کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص سدھیر ولد غلام شبیر منگنھار موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ ایک عورت سمیت دو شدید زخمی ہوگئے، جنہیں تشویشناک حالت میں سول اسپتال دادو لایا گیا، جہاں پر زخمیوں کو بہتر طبی امداد نہ ملنے کے باعث عورت امام زادی اور محمد شمن منگنھار بھی زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے چل بسے، جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کیا گیا۔ پولیس کے مطابق فرحان ہوٹل کے مقام پر کراچی سے کشمور جانے والی مسافر کوچ ٹرن لیتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئی، جس میں موٹرسائیکل سوار حادثے کا شکار ہوئے۔ جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق دادو کی تحصیل جوہی سے ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ورثا سول اسپتال دادو پہنچ گئے۔ تھانہ بی سیکشن پولیس نے مسافر کوچ کو تحویل میں لے لیا جبکہ کوچ ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ شکارپور گاؤں دودو ڈیتھو میں مبینہ زائد المیعاد ویکسین لگنے کے باعث 4 ماہ کی بچی دم توڑ گئی، بچی کے والد کا کہنا ہے کہ بچی کو حفاظتی ویکسین لگوائی گئی تو فوراً بچی کے جسم پر نشانات پیدا ہوگئے، حفاظتی ویکسین لگوانے کے بعد بچے کی حالت غیر ہوگئی اور بچی تڑپتی رہی، بچی کو گڑھی یاسین اسپتال لایا گیا۔ ڈاکٹروں نے کہا کہ ویکسین کے بعد بخار ہوتا ہے، جو ختم ہوجائے گا، 3 روز تک بچی تڑپتی رہی، مگر علاج نہیں کیا گیا، جس پر بچی دم توڑ گئی گئی۔ لواحقین نے مطالبہ کیا کہ وزیرصحت عذرا پیچوہو واقعے کا نوٹس لیں۔ غفلت کے مرتکب ویکسینیٹر اور ڈاکٹرز کیخلاف کارروائی کی جائے۔