سکھر/لاہور (نمائندہ جسارت+خبر ایجنسیاں) سانحہ تیز گام کے بعد سکھر سے جیکب آباد جانے والی سکھر ایکسپریس میں بھی آتشزدگی، ٹرین کی 3 اور 4 نمبر بوگی کے درمیان آگ لگی آگ شاٹ سرکٹ کے باعث لگی تاہم مسافر محفوظ رہے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، بوگیوں کے درمیانی حصہ میں آگ اس وقت لگی جب ٹرین سلطان کوٹ اسٹیشن پر کھڑی تھی، آگ لگنے کے فوری بعد عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھا دی ۔ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور نے حاضر دماغی سے مقامی افراد کے ساتھ مل کر آگ پر قابو پایا تاہم ٹرین کی بوگیوں کو معمولی نقصان پہنچا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حادثے کے فوری بعد بوگیوں کو ٹرین سے علیحدہ کردیا گیا تھا۔ آگ پر قابو پانے کے بعد بوگیوں کو دوبارہ ٹرین میں لگا کر ٹرین کو روانہ کر دیا، ریلوے حکام کے مطابق گاڑی کی 2 بوگیوں کے درمیان ربڑ کے پائیدان کو آگ لگی تھی- سکھر ایکسپریس کو اپنی اگلی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔دوسری جانب ریلوے حکام نے سکھر ایکسپریس میں لگنے والی آگ کا نوٹس لیتے ہوئے الیکٹریکل سپروائزر کراچی اور سکھر کو معطل کردیا ہے،حادثہ میں کسی تخریب کاری کا عنصر شامل نہیں،ڈی ایس ریلوے نے کہا کہ شاٹ سرکٹ کے باعث بوگی میں معمولی آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، فرائض سے غفلت برتنے کے الزام میں ملازمین کومعطل کیا گیا۔ادھرسانحہ تیز گام ایکسپریس کی تحقیقات کرنے والی ٹیم نے ابتدائی رپورٹ ریلوے ہیڈکوارٹر لاہور میں جمع کرا دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سانحہ لیاقت میں 73 مسافر جان کی بازی ہار گئے جبکہ 46 مسافر زخمی ہیں۔ جنہیں رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان کے اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ 15 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، 13 مسافروں کی لاشیں ورثا کے حوالے ،60 مسافروں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔ رپورٹ میں زخمیوں کے موبائل فون نمبر سمیت دیگر کوائف کے ساتھ ساتھ جاں بحق اور زخمی مسافروں کی مکمل فہرست بھی فراہم کردی گئی ہے۔علاوہ ازیںفیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویزدوست علی لغاری لیاقت پوراور چنی گوٹھ کے درمیان ہونے والے تیز گام ایکسپریس کے حادثے کی انکوائری 8اور9نومبر کو ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ملتان کے دفتر میں کریں گے جبکہ 12نومبر کومیر پور خاص ریلوے اسٹیشن پر بھی اسی حادثے کی انکوائری کریں گے ۔ریلوے ترجمان کے مطابق انکوائری صبح 9بجے شروع ہو گی‘اگر کوئی آدمی اس حادثے کے بارے میں کوئی معلومات یا گواہی دینا چاہتا ہے تو متعین کی گئی تاریخوں اور جگہوں پر حاضر ہو کر دے سکتا ہے یا پھر 15نومبرتک تحر یری طور پر لکھ کر فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویزکے علامہ اقبال روڈ پر واقع دفتر میں جمع کرا سکتا ہے۔
تیز گام