حیدرآباد موئن جو دڑو ،کراچی کچرا کنڈی ،اسلام آباد کنٹینرز آباد بن چکا ،سراج الحق

403
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق حیدرآبادچیمبر آف کامرس کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں تاجروںسے خطاب کررہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدر آباد موئن جو دڑو، کراچی کچرا کنڈی،اسلام آباد کنٹینرز آباد بن چکا ہے۔ سراج الحق۔تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکا دیا گیا ہے ۔ملک سیاسی‘معاشی دہشت گردی کا شکار ہے ،جمہوریت کے نام پر بدترین آمرانہ نظام راج ہے ۔پی ٹی آئی حکومت مشرف زرداری کا تسلسل ہے۔ وہ دی ایمپائر بینکوئیٹ حیدرآباد میں کارکنان کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسداللہ بھٹو‘ امیر صوبہ محمد حسین محنتی‘ امیر ضلع حافظ طاہر مجید ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ سراج حق نے کہاکہ تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکا دیا گیا ہے آج وہ افلاطون کہا گئے جو کہا کرتے تھے کہ ملک کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے۔ ملک میں غریب کی حالت مزید کمزور ہوگئی ہے۔ غریب کے لیے اعلی تعلیم کے دروزے بند ہیں۔ لوگوں کو انصاف نہیں مل رہا ،بے روز گاری خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ درآمد ات 56فیصد اور برآمدات صرف21فیصد رہ گئیں۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ ملک میں سیاسی اورمعاشی دہشتگردی جاری  ہے۔ برائے نام جمہوریت ہے۔ کوئی حکمرانوںکے خلاف بولتاہے تومیڈیاپر اسے نشر کرنے اوردکھانے پر پابندی لگادی جاتی ہے۔غریبوں کے لیے تمام ادارے گونگے اوربہرے ہیں ۔یہ وہ پاکستان نہیں ہے جوقائداعظم نے بنایاتھاجس کاخواب علامہ اقبال نے دیکھاتھا۔یہاں کسان کابچہ بھوکاسوتاہے ۔عوام کوکبھی سوشلزم توکبھی تبدیلی کے نعرے پر سبزباغ دکھائے جاتے ہیں۔کہاں گئے وہ فلاسفر جوپاکستان کوایشین ٹائیگر بنارہے تھے۔ حیدرآباد کا کشمیر مارچ 1970 ء کے بعد سب سے بڑامارچ تھا۔ حکمران ایک ڈینگی قابو نہیں کرسکتے وہ آدھے گھنٹے دفتروں کے باہر کھڑے ہوکر کالی پٹی باندھ کر مودی کو ڈرانے چلے ہیں۔انتخابات کے نتائج پہلے سے طے شدہ ہوتے ہیں۔25 جولائی کو ہمارے ساتھ ہاتھ ہواہے۔ حیدرآباد موہن جو دڑو بن چکا ہے۔حیدرآباد کا ہوائی اڈہ اصطبل بن گیا ہے۔وزیراعظم کی یونی ورسٹی نہیں بن سکی ہے۔حیدرآباد کے خوشحال لوگ بدحال ہوگئے ہیں۔کراچی میں ایک سال سے کچرا کچرا سنتے آرہے ہیں دراصل ان کے ذہن میں اخلاق اور سوچ میں کچرا ہے ایک کچرا دوسرے کچرے کو صاف نہیں کرسکتا۔جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ہم بچوں کو قلم کتاب نوجوانوں کو روزگار اور مستقبل دیں گے۔اسلام آباد کنٹینرآباد بن چکا ہے، وزیر اعظم پانچ منٹ نہیں ٹھہرتے ۔ وزیر اعظم پہلے جہانگیر ترین اور محمود قریشی کے ساتھ صلح کرادیں پھر ایران و سعودی عرب کی ثالثی کی بات کریں۔میں پی ٹی آئی کو پی پی اور پرویز مشرف کی حکومت کا تسلسل سمجھتا ہوں۔جماعت اسلامی کشمیریوں کی پشتیبان ہے۔رہبر کمیٹی کے اجلاس میں بلاول نے شرط رکھی کہ احتجاج ضرور ہو مگر اسلامی نظام کی بات نہیں ہوگی۔ہم انتخابات بھی لڑیں گے،اپنے فورم سے اور اپنے منشور پر لڑیں گے۔نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ 13 اکتوبر کو حیدرآباد میں آزادی کشمیر مارچ سندھ کا نمائندہ مارچ تھا۔بھارت نے کشمیر کو ضم کیا اب اسے ٹکڑے ٹکڑے بھی کرڈالا۔انگریز کشمیر سے کشمیریوں کو ختم کر سکا ہے نہ مودی کرسکتا ہے۔شمالی کوریا اور ایران پر پابندی لگ سکتی ہے تو بھارت پر کیوں نہیں۔ بھارت نے اقوام متحدہ کی گیارہ قراردادوں کو مسترد کرچکا ہے۔اس پر بین الاقوامی پابندی عائد کی جائیں۔نریندر مودی کو نا پسندیدہ شخص قراردیا جائے ۔پوری دنیا کی ذمہ داری ہے کہ کشمیر میں رائے شماری کرائی جائے۔امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دین ہی ہماری نجات کا ذریعہ ہے۔ اللہ اور اس کے رسول کی دعوت ہی انسانیت کے دکھوں کا مداوا ہے۔جماعت اسلامی اللہ کے نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔بھارت نے کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کرکے ہڑپ کرڈالا ہے لیکن حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ امیر جماعت اسلامی حیدرآبادحافظ طاہر مجید نے کہا کہ حیدرآباد اسلام پسندوں کا شہر ہے کشمیر کا مسئلہ ہو،فلسطین و برما کا ہو ہمیشہ عالم اسلام کی آواز بنے ہیں۔علاوہ ازیںایوان صنعت وتجارت کی جانب سے امیرجماعت اسلامی کے اعزازمیں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران نے حیدرآباد کی زبوں حالی کا سینیٹ میں اٹھانے کا مطالبہ کیا۔اگرچہ اسمبلیوں میں ہماری تعداد کم ہے لیکن ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے ہماری کارکردگی کو سراہا ہے۔ٹیکس دینے سے کوئی انکار نہیں کرتا مگر عوام کو حکومت پر اعتماد نہیں۔ایک منصورالحق تین سو ارب روپے لوٹ کر امریکا بھاگ گیا۔ دوسرے نے آسڑیلیا میں جائدادیں خرید لی ہیںتو پھر عوام ،تاجر ٹیکس کیسے دیں گے۔1935 ء میں دنیا کے پینتیسویں حصے کی تجارت کراچی سے ہوتی تھی،دوسری بات ہم نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ زکوٰۃ و عشر کا نظام نافذ کیا جائے۔سات کروڑ زکوٰۃ و عشر دینے والے ہوں گے۔جبکہ آپ کہتے ہیں چودہ لاکھ ٹیکس دیتے ہیں۔ڈھائی فی صد کے حساب سے ملک میں غلے کا ذخیرہ ہوجائے گا اور لوگ خوش حال ہوجائیں گے،چھوٹی چھوٹی صنعتوں کو مکمل کرنا چاہیے۔ستر فی صد قرضہ بڑے سرمایہ داروں کو دیا گیا ہے۔سی پیک کے لیے ہر شے وہاں سے آرہی ہے، ہمارے ہاں سب کچھ موجود ہے۔وہاں سے سب کچھ آرہا ہے مگر یہاں سے چین کچھ نہیں جاتاعوام نے عمران نہیں تبدیلی کے لیے ووٹ دیا تھا جس طرح عوام نے بھٹو اور نواز شریف کو منتخب کیا تھا اسے بھی منتخب کیا کہ تبدیلی آئے گی۔ فوج بھی اس کی پشت پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت بہتر بنانے کے لیے سود کا خاتمہ کرنا ہوگا۔سود کے خلاف ہم عدالت میں ہیں ۔جماعت اسلامی سود کے خلاف جدوجہد کررہی ہے تاجر بھی سود کے خلاف ہمارا ساتھ دیں۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ تاجروں نے کشمیر کاز کے لیے بھرپور تعاون کیا ہے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔قیام پاکستان کے وقت حیدرآباد پاکستان کا تیسرا بڑا شہر تھا ۔اب انفرا اسٹرکچر،تعلیمی سہولیات کے لحاظ سے پانچویں نمبر پر بھی نہیں آتا۔ملکی معیشت میں تاجروں کا اہم کردار ہے۔حضور ﷺنے خود تجارت کی اور ایک تاجر خاتون حضرت خدیجہ الکبری رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے شادی کی جس سے اسلام کو بہت فائدہ ہوا۔ہمارے ملک میں تاجر سب سے زیادہ پریشان ہیں دو روزہ کامیاب پڑتال کی جس نے حکمرانوں کو جھکایا ،تاجر حق پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں معیشت کا طالب علم ہوں، دوبار وزیر خزانہ رہ چکا ہوں۔ہم آئی ایف اور ورلڈ بینک سے نجات حاصل کر سکتے ہیں بس اپنے وسائل اور خود پر انحصار کرنا ہوگا۔پاکستان کو اللہ نے معدنی وسائل سے نوازا ہے پاکستان ایک زرعی ملک ہے۔جس طرح گدھے کا مالک گدھے کو تھوڑا تھوڑا دیتا ہے اس طرح آئی ایم ایف کرتا ہے۔میں نے خیبر پختون خوا کو قرضہ فری صوبہ بنایا۔شوکت عزیز نے ایک اعشاریہ چار بلین روپے انعام دیا۔سابق گورنر اسٹیٹ بینک عشرت حسین نے ہماری فنانس کی تعریف کی تھی۔ اس موقع پر ایوان صنعت و تجارت حیدرآباد کی جانب سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق صاحب کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ایوان صنعت و تجارت پہنچنے پر عہدیداروں نے امیر جماعت اسلامی کا استقبال کیا۔سینئر نائب صدر شاکر میمن نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق،نائب امیر اسداللہ بھٹو اور امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا۔نائب صدر حاجی گلشن الہٰی نے جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ اور ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالوحیدقریشی کو اجرک کا تحفہ پیش کیا۔شاکر میمن نے خطبۂ استقبالیہ دیتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کو خوش آمدید کہا۔اس موقع پر صوبائی رہنما ممتاز حسین سہتو، مجاہد چنا اور امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید ودیگر شریک تھے۔امیر جماعت اسلامی نے ریل حادثے میں شہید،زخمی اور متاثر ہونے والے افراد کے لیے خصوصی دعا کرائی۔دریں اثناء امیر جماعت اسلامی ٰپاکستان سینیٹر سراج الحق نے جماعت اسلامی دین اسلام کو مکمل ضابطہ حیات کے طور پر نافذ کرنے کے لیے عملی جدوجہد کررہی ہے جس کیلیے تمام انبیا دنیا میں تشریف لائے۔ امریکا اور بھارت اس نظام کے نفاذ سے خوف زدہ ہیں اور اس کے خلاف کمربستہ ہیں لیکن جہاد قیامت تک جاری رہے گا وہ مبارک مسجد لطیف آباد حیدرآباد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔ سراج الحق نے کہاکہ باطل قوتیں ناظم اسلام سے خوف زدہ ہیں یہ لوگ صوفی ازم سے پریشان نہیں یہ ہی وجہ ہے کہ مشرف دور حکومت میں امریکانے نصاب سے سورہ توبہ اور انفعال کو نکالنے کا کہا ۔سراج الحق نے کہاکہ دنیا وآخرت کی کامیابی صرف اللہ کے دین پر عمل پیرا ہونے میں ہیں سراج الحق نے نماز جمعہ کے بعد سانحہ رحیم یار خان میں شہداء‘ کشمیر کی آزادی‘ ملک کی سلامتی اور نفاذ اسلام کے لئے خصوصی دعا کرائی۔
سراج الحق